کویتی حکومت کا 22 اپریل کو اختتام پذیر ہونے والے کرفیو میں توسیع کا اعلان

بابرکت مہینے کے آخری ایام اور عید کی چھٹیوں پر مکمل کے بجائے جزوی کرفیو ہی رہے گا،بیان

منگل 20 اپریل 2021 15:24

کویتی حکومت کا 22 اپریل کو اختتام پذیر ہونے والے کرفیو میں توسیع کا اعلان
کویت سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2021ء) کویتی حکومت نے 22 اپریل کو اختتام پذیر ہونے والے کرفیو میں توسیع کا اعلان کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کویت میں وزرا کونسل نے بائیس اپریل سے ختم ہونے والے جزوی کرفیو میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے اور اب کرفیو کا سلسلہ رمضان المبارک کے اختتام تک برقرار رہے گا۔

کوروناوائرس کی موجودہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے کویتی کابینہ کے وزرا نے ماہ صیام کے اختتام تک، 22 اپریل سے شام 7 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو پر عمل درآمد برقرار رکھنے کا فیصلہ جاری کردیا۔

(جاری ہے)

وزرا کے اجلاس میں وبا سمیت دیگر حکومتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران ماہ رمضان کے آخری 10 دن اور عید الفطر کی تعطیلات کے دوران کل پابندی عائد کرنے کی تجویز کو مسترد کردیا گیا۔

بابرکت مہینے کے آخری ایام اور عید کی چھٹیوں پر مکمل کے بجائے جزوی کرفیو ہی رہے گا۔خیال رہے کہ کویت میں جزوی کرفیو نافذ ہے۔ اس سے قبل گذشتہ ماہ 7 مارچ کو بھی کرفیو برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم عوامی سہولت کے لیے بعض پابندیوں میں ترمیم کی گئی۔تجارتی سرگرمیوں کا اوقات کار بڑھا دیے گئے اور پابندی میں دو گھنٹے کی ترمیم بھی کی گئی ہے۔