وزیر اعظم عمران خان دنیا بھر کے مسلمان ممالک کو اکٹھا کرنے کی مہم شروع کر رہے ہیں‘ چوہدری سرور

ناموس رسالتﷺ کے مقدمے میں وزیر اعظم عمران خان پاکستان ہی نہیں دنیا بھر کے مسلمانوں کی تر جمانی کر رہے ہیں‘ گورنرپنجاب

منگل 20 اپریل 2021 17:40

وزیر اعظم عمران خان دنیا بھر کے مسلمان ممالک کو اکٹھا کرنے کی مہم شروع ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ناموس رسالتﷺ کے مقدمے میں وزیر اعظم عمران خان پاکستان ہی نہیں دنیا بھر کے مسلمانوں کی تر جمانی کر رہے ہیں ، نبی رحمتﷺ کی محبت اورعقیدت ہمارے ایمان کا حصہ ہے،تحفظ ناموس رسالتﷺ پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے،وزیر اعظم عمران خان کا سب سے اہم مشن ناموس رسالت ﷺکے معاملے پر عالم اسلام کو متحد کرنا ہے اور وقت آچکا ہے کہ امت مسلمہ تحفظ ناموس رسالتﷺ کے معاملے پر یک زبان ہوکر آواز بلند کر ے۔

اپنے بیان میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ہر شہری کے دل میں اللہ کے نبی حضرت محمدﷺ کی محبت بستی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی نبیﷺ کی شان میں گستاخی ہو تو ہمارے دل دکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ عمر ان خان نے بطور وزیر اعظم اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے لئے جو آواز بلند کی ہے ماضی میں کسی حکمران کی جانب سے اس طرح کی جرات نہیں کی گئی اور انشاء اللہ اب بھی عمران خان اس حوالے سے دنیا بھر کے مسلمانوں کا مقدمہ بھر پور انداز میں لڑ یں گے۔

گور نر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں واضح کردیا ہے کہ ناموس رسالتﷺ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتااورتحریک انصاف کاہرورکر عاشق رسولﷺہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نبی رحمتﷺ کی محبت اورعقیدت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اس عقیدے پر ہم کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ امت مسلمہ متحد ہو جائے تاکہ دنیا میں کوئی بھی نبیﷺ کی شان میں گستاخی نہ کر سکے۔

گورنر نے کہا کہ مغرب کو بھی یہ بات سمجھ لینا چاہیے کہ توہین رسالتﷺ کرنیوالے بھی امن اورانسانیت کے سب سے بڑے دشمن ہیں ایسے لوگوں کو نہ صرف روکنا ہوگا بلکہ ان کو سخت سے سخت سزا کیلئے قانون سازی سمیت تمام اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دنیا بھر کے مسلمان ممالک کو اکٹھا کرنے کی مہم شروع کر رہے ہیںاور سب متحد ہوکر اقوام متحدہ، یورپی یونین میں کیس پیش کریں گے ۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت کا فیصلہ سو فیصد درست ہے کہ جب سب مسلم ممالک کے سربراہان یک زبان ہو کر آواز بلند کر یں گے تو پھر دنیا کو ہماری آواز سننا ہی پڑ ے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمدﷺ نے ہمیشہ ا من وآشتی،احترام انسانیت، مساوات اور عدل و انصاف کا درس دیا ہے۔