وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وائس چیئرپرسن پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن وسیم اختر کی ملاقات

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے او پی سی ہیڈ آفس 1کلب روڈ میں بورڈ آف ریونیو کے سہولت مرکز کے قیام کی منظوری دی

منگل 20 اپریل 2021 17:40

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وائس چیئرپرسن پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں وائس چیئرپرسن پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن وسیم اختر رامے نے ملاقات کی- وسیم اختر نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو اوور سیز پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے متعلق بریفنگ دی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا سرمایہ ہیں-ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتی- حکومت پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے او پی سی ہیڈ آفس 1کلب روڈ جی او آر ون میں بورڈ آف ریونیو کے سہولت مرکز کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ سہولت مرکز کے قیام سے اوورسیز پاکستانیز اپنی فردیں اور پراپرٹی ٹرانسفر کر وا سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اووسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب میں ریونیو اور قانونی معاملات میں معاونت کیلئے مشاورتی یونٹ قائم کیاجائیگا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے او پی سی سپیشل کورٹس کے قیام کیلئے آرڈیننس کی سمری جلد بھیجنے کے احکامات بھی جاری کیی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ او پی سی موبائل ایپ کو جلد حتمی شکل دی جائے گی اورموبائل ایپ کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کو پنجاب کی ہاؤسنگ سوسائٹز کے قانونی اور غیرقانونی سٹیٹس سے آگاہی ملے گی۔

وسیم اختر نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے بھرپور کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ او پی سی وزیر اعظم عمران خان کے مشن کی تکمیل اور نئے پاکستان کے قیام کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر قیادت سرگرم عمل ہے۔سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی بنائی گئی ہے۔او پی سی بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کی شکایات کے ازالے کیلئے متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اوور سیز پاکستانیوں کو ریلیف فراہم کرنے پر او پی سی کی کاوشوں کوسراہا-