نا اہل حکمرانوں نے ریاست کی رٹ فارغ کر دی ہے، یہ اپنا تھوکا ایک ایک کر کے چاٹیں گے‘ رانا ثنا اللہ

یہ خود سڑکیں بلاک کرتے رہے ہیں، ایسی تقاریر کرتے رہے ہیں، ان کے خلاف کسی نے طاقت کا استعمال نہیں کیا تھا

منگل 20 اپریل 2021 17:42

نا اہل حکمرانوں نے ریاست کی رٹ فارغ کر دی ہے، یہ اپنا تھوکا ایک ایک کر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2021ء) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہاہے کہ نا اہل حکمرانوں نے ریاست کی رٹ فارغ کر دی ہے، یہ اپنا تھوکا ایک ایک کر کے چاٹیں گے، عمران خان حواس باختہ انسان ہیں، عمران خان کو معلوم ہی نہیں کہ سلمان رشدی نے کب کتاب لکھی اور اس وقت وزیراعظم کون تھا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے یو آئی یا مسلم لیگ (ن)نے کوئی بیان جاری نہیں کیا بلکہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے بیان جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ پانچ ماہ میں معاہدہ پارلیمنٹ میں کیوں نہیں لائے، پارلیمنٹ تحریک لبیک کے لوگوں سے بات کرتی، انہیں سمجھانے والی بات سمجھائی جاتی، 20 اپریل کو معاہدہ ختم ہو رہا تھا، تحریک لبیک کے سربراہ کو پہلے کیوں گرفتار کیا گیا، آپ معاہدہ ختم ہونے سے 10 دن پہلے ان پر چڑھ دوڑے اور گرفتاریاں شروع کر دیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اپنا تھوکا ایک ایک کرکے چاٹیں گے، موجودہ نا اہل حکومت نے ریاست کی رٹ کو بالکل فارغ کر دیا ہے، یہ خود سڑکیں بلاک کرتے رہے ہیں، ایسی تقاریر کرتے رہے ہیں، ان کے خلاف کسی نے طاقت کا استعمال نہیں کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے معاہدہ کیا ہے تو اسے پورا کرنا چاہیے، معاہدے میں تین وزرا ء اور وزیر داخلہ کے دستخط ہیں۔