آٹھ بڑے اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور مدراینڈچائلڈہسپتالوں کومقررہ مدت میں مکمل کریں گے۔ڈاکٹریاسمین راشد

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 20 اپریل 2021 17:44

آٹھ بڑے اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور مدراینڈچائلڈہسپتالوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل 2021ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سارہ اسلم،ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر عمرفاروق،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرعاصم الطاف ودیگر افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے اجلاس کے دوران وزیراعظم صحت اقدامات،مدراینڈ چائلڈ ہسپتالوں کی تعمیر،بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن اور صوبہ بھرمیں دیگر ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کاتفصیلی جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت سارہ اسلم نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو پنجاب بھرمیں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرسارہ اسلم کو جاری ترقیاتی منصوبوں کی خوددنگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ وزیراعظم صحت اقدامات کے تحت آٹھ بڑے اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور مدراینڈچائلڈہسپتالوں کومقررہ مدت میں مکمل کریں گے۔انہوں نے کہاکہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایاجائے۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ وزیراعظم صحت اقدامات کے تحت اٹک،ڈی جی خان،جھنگ،قصور،میانوالی،راجن پور،لودھراں اور چنیوٹ کے اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکئے جارہے ہیں۔تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کے مکمل ہونے کے بعد پنجاب کی عوام کو صحت کے شعبہ میں شانداداور جدیدطبی سہولیات میسرآسکیں گی۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ عوام کو ان کی دہلیزپر صحت کی بہترسہولیات فراہم کرناریاست کی ذمہ داری ہے۔

پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت بڑھانے سے کوروناوائرس کے خلاف جنگ میں بہت مددحاصل ہوئی۔کوروناوائرس کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت بڑھانے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈزکی کوئی کمی نہیں ہے۔تمام بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ تمام دیہی مراکزصحت کو مکمل فعال بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔مدراینڈ چائلڈ ہسپتالوں کی تعمیرکاکام تیزی سے جاری ہے۔کئی ترقیاتی سکیمیں رواں مالی سال میں مکمل ہوجائیں گی۔