بے موسمی بارشوں اور آندھی کے باعث گندم ،مکئی اور چارہ کی فصلات متاثر ہونے کا اندیشہ موجود ہوتا ہی:محکمہ زراعت پنجاب

منگل 20 اپریل 2021 19:13

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2021ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ بے موسمی بارشوں اور آندھی کے باعث گندم ،مکئی اور چارہ کی فصلات متاثر ہونے کا اندیشہ موجود ہوتا ہے لہذٰا کاشتکار اپنی فصلات کی دیکھ بھال کے لئے ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے موسمی پیغامات کو توجہ سے سنیں اور اگر بارش یا آندھی کا خطرہ ہو تو گندم کی کٹائی روک دیں اور کٹی ہوئی گندم کو ترپال یا شیٹ لے کر ڈھانپ دیں۔

بارش رکنے کے بعد گیلی گندم کو چبوترے پر ڈال کر دھوپ لگوائیں۔ امسال بارشیں معمول سے زیادہ ہوئی ہیں نیز درجہ حرارت بھی کم رہا ہے اس لئے کاشتکار گندم کی کٹائی فصل کے پوری طرح پکنے پر شروع کریں۔ کاشتکار گندم کی کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹّوں کا رُخ اوپر کی طرف رکھیں۔

(جاری ہے)

کھلواڑے چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میںکھلیان لگائیں اور پانی کی نکاسی کے لئے اردگرد کھالی بنائیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ گندم کی کٹائی کیلئے سب سے بہترین مشین کمبائن ہارویسٹر ہے جس کے استعمال سے کافی حد تک پیداوار کے ہونے والے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ مکئی کے کاشتکاراپنے کھیتوں سے بارش کا پانی ساتھ موجود خالی کھیت میں منتقل کریں تا کہ مرطوب موسم کے باعث مکئی کے پودے مرنے سے محفوظ رہیں نیز مرطوب موسم میں مکئی کے پودوں پر کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کا خطرہ بھی موجود ہوتا ہے اس لئے کاشتکار محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے انتظامات کریں۔چارہ کی فصلات سے بھی پانی خالی کھیتوں میں یا فصل کے اردگرد کھائی کھود کر زائد پانی کو کھائی میں منتقل کر دیں