جی سی یو میں کورونا کے دور میں رمضان المبارک کے موضوع پر ویبنار کا انعقاد

منگل 20 اپریل 2021 19:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2021ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام ’’کورونا کے دور میں رمضان المبارک‘‘ کے موضوع پر ویبنار کا انعقاد،نامور سرجن ڈاکٹر جاوید اقبال، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی اور کلینیکل نیوٹریشنسٹ ڈاکٹر عروج گیلانی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر جاوید اقبال نے طرز زندگی، سماجی رویے اور کھانے کی عادات کو تبدیل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وبائی مرض کے دوران صحت عامہ کیلئے صرف طبی سہولیات کی ضرورت نہیں ہوتی ہے بلکہ یہ حالات معاشرتی طرز عمل اور غذا کی عادت کو بھی تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں - انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ ہمیشہ مثبت سوچ رکھیں۔

انہوں نے ایسے لوگوں کی کہانیاں بھی شیئر کیں جنہوں نے لاک ڈاؤن کو مواقع میں تبدیل کیا اور آن لائن کاروبار کاکامیاب آغاز کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے بتایا کہ بہت کم وقت میں جی سی یو نے روایتی سے آن لائن طریق تدریس کی طرف منتقل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی سی یو اساتذہ خصوصی تعریف کے مستحق ہیں کیوں کہ بہت سارے فیکلٹی ممبران اور ان کے اہل خانہ کورونا میں مبتلا ہوئے لیکن انہوں نے پڑھانا جاری رکھا اور طلباء کی تعلیم پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ ڈاکٹر عروج گیلانی نے سحر اور افطار میں متوازن اور صحت مند کھانے کی عادات کو اپنانے کی اہمیت کے بارے میں بات کی۔بعدازاں طلباء نے ماہرین سے سوالات بھی کیے۔