زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تمام فیکلٹی ممبرز انتظامی سٹاف اور جملہ ملازمین کے رابطہ نمبر اور دیگر معلومات پر مبنی ڈائریکٹری تیار کر لی گئی

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر کی جانب سے پرنسپل آفیسر پی آر پی پروفیسر ڈاکٹر جلال عارف اور ان کی ٹیم کو مبارک باد اور تعریفی خط دینے کا اعلان

منگل 20 اپریل 2021 17:55

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تمام فیکلٹی ممبرز انتظامی سٹاف اور جملہ ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تمام فیکلٹی ممبرز انتظامی سٹاف اور جملہ ملازمین کے رابطہ نمبر اور دیگر معلومات پر مبنی ڈائریکٹری تیار کر لی گئی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر کی جانب سے پرنسپل آفیسر پی آر پی پروفیسر ڈاکٹر جلال عارف اور ان کی ٹیم کو مبارک باد اور تعریفی خط دینے کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق شعبہ تعلقات عامہ و مطبوعات نے پرنسپل آفیسر پی آر پی کی ہدایت پر یونیورسٹی کا مکمل آرکائیو تیار کرنے کے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے جس میں جامعہ کے تمام ملازمین کا مکمل ریکارڈ مع تصویر ای میل ایڈریس و دیگر معلومات کا ڈیٹا بینک قائم کیا جائے گا تاکہ آنے والے سالوں میں بوقت ضرورت اس سے استفادہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ملازمین کے رابطہ نمبرز اور دیگر معلومات پر مبنی ٹیلیفون ڈائریکٹری تیار کر لی گئی ہے جسے انتہائی پر کشش ٹائٹل اور رنگین صفحات پر پرنٹ کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں یونیورسٹی کے تعلقات عامہ و مطبوعات کی ٹیم نے پروفیسر ڈاکٹر جلال عارف کی سربراہی میں ڈائریکٹری وائس چانسلر ڈاکٹر آصف تنویر کے چیمبر میں انہیں پیش کی۔ٹیم ممبران میں ڈپٹی رجسٹرار قمر بخاری،ایڈمن آفیسر محمد حنیف چوہدری،سینئر کلرک ساجد فرید اور ڈیزائنر محمد ندیم اختر شامل تھے۔وائس چانسلر نے ڈائریکٹری کی کامیاب تیاری پر مبارک باد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اسے فوری طور پر یونیورسٹی ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ملازمین کی تصاویر اور دیگر معلومات پر مبنی ڈیٹا بینک وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس سے اس جامعہ کی خدمت کرنے والے تمام طبقات کے بارے میں معلومات دستیاب ہونگی۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں اعداد و شمار اور ڈیٹا بینک کی تیاری کے لئے تمام وسائل مہیا کئے جائیں گے۔پروفیسر ڈاکٹر جلال عارف نے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف تنویر کو نو تیار کردہ ڈائریکٹری کے خدوخال بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی تیاری میں اس امر کا خیال رکھا گیا ہے کہ تمام کلیہ جات،انتظامی شعبہ جات،تدریسی شعبہ جات،ڈائریکٹوریٹس اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والے تمام افراد کو تلاش کرنے میں صارفین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد پیکٹوریل ڈیٹا بینک تیار ہو جائے گا جسے مستقل بنیادوں پر اپڈیٹ کیا جاتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :