ضلع پونچھ میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے بی اے کے امتحانات ملتوی

منگل 20 اپریل 2021 21:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2021ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ضلع پونچھ ، آزاد کشمیر میں کرونا وباء کی وجہ سے ضلع بھر کے تمام سکولوں میں لاک ڈائون کے نفاذ کے بعد وہاں اپنے بی اے (ایسوسی ایٹ ڈگری) کے جاری امتحانات تا حکم ثانی ملتوی کر دئیے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ملک بھر اور آزاد کشمیر کے دوسرے حصوں کی طرح ضلع پونچھ میں بھی اوپن یونیورسٹی کے بی اے (ایسوسی ایٹ ڈگری) کے امتحانات 19اپریل سے شروع ہونے تھے لیکن ڈسٹرکٹ ایجوکیشن سکولز ضلع پونچھ نے ضلع میں کرونا وباء کے پھیلائو کو روکنے کی خاطر ضلع بھر کے تمام سکولوں 16اپریل سے 28اپریل تک لاک ڈائون نافذ کیا ہے۔

اسی تناظر میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بھی ضلع بھر کے تمام امتحانی مراکز(529 ،540 ،541 ،542 ،543 اور 549 )میں سمسٹر خزاں 2020ء کے بی اے کے جاری امتحانات ملتوی کر دئیے ہیں یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات کے ایک اعلامیے کے مطابق امتحانات کے نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع اور ملک کے باقی حصوں میں یہ امتحانات بغیر کسی تعطل کے جاری رہیں گے۔