Live Updates

خرم شیر زمان کی وفد کے ہمراہ ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان سے ملاقات

سندھ حکومت کی ملی بھگت سے پانی لائنوں کے بجائے ٹینکر کے ذریعے بیچا جارہا ہے،رہنما پی ٹی آئی کی گفتگو

منگل 20 اپریل 2021 22:30

خرم شیر زمان کی وفد کے ہمراہ ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان سے ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2021ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے وفد کے ہمراہ ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما سمیر میر شیخ سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ پی ٹی آئی کے وفد نے شہر میں پانی کے سنگین بحران کے حوالے سے ایم ڈی واٹر بورڈ کو آگاہ کیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ سب سے زیادہ کرپٹ ادارہ ہے۔ صوبہ سندھ میں وزراء سب سے زیادہ مال بنا کر دینے والا ادارہ واٹر بورڈ ہے۔ کراچی کے ہر علاقے میں پانی کا سنگین بحران ہے، شہر کراچی کو ٹینکر مافیہ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ مجھے دن رات پانی کی قلت جی شکایات موصول ہوتی رہتی ہیں، ہمیں صدر، برنس روڈ، کورنگی، کلفٹن سب جگہ سے شکایات مل رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پانی کی لائن سے پانی کئی دن تک نہیں آتا جبکہ ٹینکرز کے ذریعے فوری پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کیا کر رہے ہیں گرمی کے موسم کے آغاز سے ہی شہر میں پانی کی قلت ہو جاتی ہے۔ سندھ حکومت واٹر ٹینکر مافیا کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔ انکی ملی بھگت کے ساتھ ہی شہریوں کو پانی لائنوں کے بجائے ٹینکر کے ذریعے بیچا جارہا ہے۔

سندھ حکومت نے پہلے شہریوں سے روٹی، کپڑا اور مکان چھینا اور اب پانی جیسی بنیادی سہولت کو بھی چھین لیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں سندھ کے عوام کو صرف محرومیاں اور پریشانیاں دی ہیں، انہوں نے کبھی صوبے کے حالات کو بہتر کرنے کے لئے اقدامات نہیں کیے ۔خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال بہتر ہورہی ہے۔ ناموس رسالت کے معاملے پر حکومت کا موقف واضح ہے، ہمیں وزیر اعظم پاکستان عمران خان پر فخر ہے جنہوں نے ناموس رسالت کے لیے دنیا بھر میں آواز بلند کی۔ انہوں نے پوری دنیا کو بتایا کہ اس طرح کی مذموم حرکات سے پوری دنیا کے مسلمانوں کو کتنی تکلیف ہوتی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات