پنجاب حکومت نے لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دے دی

میٹروبس، اورنج لائن ٹرین اور اسپیڈو بس سروس کل سے بحال ہوجائیں گی، ٹرانسپورٹ نظام کو کورونا پھیلاؤ کے باعث معطل کیا گیا تھا، نوٹیفکیشن جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 20 اپریل 2021 21:09

پنجاب حکومت نے لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دے دی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل2021ء) پنجاب حکومت نے لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دے دی، میٹروبس، اورنج لائن ٹرین اور اسپیڈو بس سروس کل سے بحال ہوجائیں گی، ٹرانسپورٹ نظام کو کورونا پھیلاؤ کے باعث معطل کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

میٹروبس، میٹروٹرین اور اسپیڈو بس سمیت تمام پبلک ٹرانسپورٹ کل سے بحال ہوجائے گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کو ایس او پیز کے تحت بحال کیا جائے۔ دوسری جانب پنجاب میں کورونا قابو سے باہر ہوگیا ، لاہور کے بڑے ہسپتالوں کے آئی سی یوز95 فیصد بھر گئے، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ لاہور میں 50 نئے وینٹی لیٹرز اور 300 بیڈز کا اضافہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

کورونا کی تیسری لہر کے دوران لاہور کے بڑے ہسپتالوں کے آئی سی یوز95 فیصد بھر گئے ہیں، بڑے ہسپتالوں میں میو ،جناح ،کوٹ خواجہ سعید ،نواز شریف ہسپتال شامل ہیں۔ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں کورونا کے 250 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں اور 600سے زائدہائی آکسیجن وارڈز میں زیر علاج ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی آکسیجن والے یونٹس میں94 فیصد اور کم آکسیجن والے یونٹس میں45فیصد مریض ہیں۔

اس حوالے سے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ لاہور میں 50نئے وینٹی لیٹرز اور 300 بیڈز کااضافہ کیا گیا۔ اسی طرح دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 کروڑ 27 لاکھ 24 ہزار 53 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 30 لاکھ 43 ہزار 595 ہو گئیں۔ کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 84 لاکھ 40 ہزار 154 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 لاکھ 8 ہزار 170 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 12 کروڑ 12 لاکھ 40 ہزار 304 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔