تحریک لبیک پر سے پابندی ہٹانے کا طریقہ کار طے ہوگیا

تحریک لبیک حکومت پنجاب کو پابندی کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دے گی، یہ درخواست پنجاب اپنی مثبت سفارش سے وفاقی حکومت کی تین رکنی کمیٹی کو بھیجے گی اور فیصلہ واپس ہوگا ، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 20 اپریل 2021 23:29

تحریک لبیک پر سے پابندی ہٹانے کا طریقہ کار طے ہوگیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 20 اپریل 2021) ٹی ایل پی پر سے پابندی ہٹنے کا طریقہ کار طے ہوگیا ، بہت جلد پابندی اُٹھا دی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں سینئر صحافی و تجزیہ کار کامران خان نے کہا کہ ٹی ایل پی پر سے پابندی ہٹانے کا طریقہ کار طے ہو گیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں انکشاف کیا کہ تحریک لبیک حکومت پنجاب کو پابندی کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دے گی، یہ درخواست پنجاب اپنی مثبت سفارش سے وفاقی حکومت کی تین رکنی کمیٹی کو بھیجے گی اور فیصلہ واپس ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی سے پابندی اُٹھنے سے میڈیا اداروں سیاسی جماعتوں کا مطالبہ پورا ہوگا۔ واضح رہے کہ حکومت نے تحریک لبیک کی جانب سے ملک بھر میں دھرنا اور احتجاج کرنے کی وجہ سے پابندی عائد کر دی تھی اور ٹی ایل پی کو کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم اب حکومت کی جانب سے ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، جس کے بعد اب تحریک لبیک سے پابندی ہٹانے اور اِسے کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کا لائحہ عمل تشکیل دیا جا رہا ہے۔

تحریک لبیک نے مطالبہ کیا تھا کہ حکومت فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرے، جس کے بعد حکومت نے اِس حوالے سے قرار داد قومی اسمبلی میں پیش کی، جسے اپوزیشن جماعت ن لیگ نے ناقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اس حوالے سے قرار داد قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔ فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے مطالبہ کے حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت پاکستان فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرتی ہے، تو ممکن ہے کہ پاکستان پر یورپ کے دروزے بند کر دیے جائیں، وزیراعظم عمران خان نے بھی اس حوالے سے موقف اختیار کیا ہے کہ اگر پاکستان کی جانب سے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جاتا ہے تو ممکن ہے یورپ بھر سے پاکستانی سفیروں کو واپس پاکستان بھیج دیا جائے۔