دنیا میں کورونا آنے کے بعد ایک ہفتے میں سب سے زیادہ خطرناک شرح سے کیسز بڑھنے لگے

کورونا وائرس کے کیس لگاتار 8 ہفتوں سے خطرناک شرح سے بڑھ رہے ہیں ، گزشتہ ہفتے 5 اعشاریہ 2 ملین سے زیادہ نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے اور یہ شرح کورونا وائرس شروع ہونے کے بعد ایک ہفتے میں سب سے زیادہ ہے ، وائرس سے ہونے والی اموات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کردیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 اپریل 2021 11:08

دنیا میں کورونا آنے کے بعد ایک ہفتے میں سب سے زیادہ خطرناک شرح سے کیسز ..
نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل2021ء)  عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ دنیا میں کورونا آنے کے بعد ایک ہفتے میں سب سے زیادہ خطرناک شرح سے کیسز بڑھنے لگے کیوں کہ کورونا وائرس کے کیس لگاتار 8 ہفتوں سے خطرناک شرح سے بڑھ رہے ہیں جب کہ گزشتہ ہفتے 5 اعشاریہ 2 ملین سے زیادہ نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے اور یہ شرح کورونا وائرس شروع ہونے کے بعد ایک ہفتے میں سب سے زیادہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈ روس نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اب کورونا کی زد میں نوجوان بھی آرہے ہیں، 25 سے 59 سال کی عمر کے لوگوں میں انفیکشن اور اسپتال میں داخل ہونے کی شرح خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے ، گزشتہ ہفتے 5 اعشاریہ 2 ملین سے زیادہ نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے اور یہ شرح کورونا وائرس شروع ہونے کے بعد ایک ہفتے میں سب سے زیادہ ہے ، اس کے علاوہ وائرس سے ہونے والی اموات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور کورونا سے اب تک باضابطہ طور پر 30 لاکھ سے زیادہ افراد کا انتقال ہوچکا ہے جن میں 10 لاکھ اموات کو پہنچنے میں 9 ماہ لگے لیکن 20 لاکھ تک پہنچنے میں صرف 4 ماہ اور 3 لاکھ اموات تک پہنچنے میں 3 ماہ لگے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب دنیا میں9 لاکھ سے زائد نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جہاں عالمی وباء کے سبب اب تک 14 کروڑ35لاکھ 42ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں اور جن میں 30 لاکھ 57 ہزار 541افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ دنیا بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 12 کروڑ18لاکھ سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 1 کروڑ 85 لاکھ سے زائد بتائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی کل تعداد 5 لاکھ 82ہزار456تک پہنچ گئی ہے جبکہ 3 کروڑ 25 لاکھ36 ہزار سے زائد متاثر ہیں جب کہ بھارت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ56لاکھ9 ہزار سے زائد ہے اور ایک لاکھ 82 ہزار 570افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور برازیل میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ40 لاکھ50 ہزار سے زائد ہو گئی ہے اور 3 لاکھ 78 ہزار 530 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔