Live Updates

وزیراعظم اور جہانگیر ترین کے ٹوٹے ہوئے رابطے بحال ہوگئے

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 21 اپریل 2021 11:16

وزیراعظم اور جہانگیر ترین کے ٹوٹے ہوئے رابطے بحال ہوگئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اپریل 2021ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے مابین ٹوٹے ہوئے رابطے بحال ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے چند روز میں وزیراعظم سے جہانگیر ترین کی ملاقات ہوگی۔ اسی سلسلے میں جہانگیر ترین کے گھر افطار ڈنر کو بھی مؤخر کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں دیکھیں گے کہ جہانگیر ترین اور وزیراعظم کی ملاقات ہوگی، یقین ہے بہت سے معاملات طے پا جائیں گے اور بہت سی چیزیں سیٹل ہوجائیں گی۔ راجہ ریاض نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جہانگیر ترین کے ساتھ انصاف نہیں ہورہا اور ہم یہ تمام چیزیں وزیراعظم کے گوش گزار کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس حوالے سے پوری امید ہے جب وزیراعظم کو اصل حقائق کا علم ہو گا تو اس ملاقات میں ہمیں بہت بڑا ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس جہانگیر ترین پر کاٹی جانے والی تینوں ایف آئی آرز موجود ہیں اور کسی میں لفظ شوگر نہیں لکھا ہوا۔ پروگرام میں گفتگو کے دوران راجہ ریاض نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
واضح رہےکہ پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین کی حمایت میں کھڑے ارکان نے وزیراعظم کو ملاقات کے لیے خط بھی بھیجا تھا۔ دوسری جانب قبل ازیں یہ خبر بھی موصول ہوئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے مابین ڈیڈ لاک ختم کروانے میں اہم شخصیات کامیاب ہو گئی ہیں جس کے تحت اب جلد ہی وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے مابین ٹیلیفونک رابطے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان موجود ''کڑواہٹ'' کی وجہ ''شوگر'' ہر گز نہیں ہے لیکن جو بھی اصل وجہ ہے وہ ابھی تک پوشیدہ ہے اور اسے مکمل ختم ہونے اور دونوں دوستوں کے درمیان اعتماد کی بحالی میں وقت لگے گا لیکن یہ بھی طے ہے کہ نئے تعلقات ماضی جیسے بے مثال اور گہرے نہیں ہوں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات