سابق چیف جسٹس آف پاکستان سعید الزمان صدیقی کے بیٹے پر حملہ

ملزمان خیابان راحت فیز6 میں بنگلے پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، افنان صدیقی محفوظ رہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 21 اپریل 2021 11:50

سابق چیف جسٹس آف پاکستان سعید الزمان صدیقی کے بیٹے پر حملہ
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اپریل 2021ء) : سابق چیف جسٹس کے صاحبزادے پر قاتلانہ حملہ ہوا لیکن افنان صدیقی محفوظ رہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقہ ڈیفنس میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے سابق چیف جسٹس پاکستان سعیدالزمان صدیقی کے بیٹے افنان صدیقی پر حملہ کیا گیا، ملزمان نے خیابان راحت فیز6 میں بنگلے پر فائرنگ کی جس کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

بیرسٹرافنان سعیدالزمان صدیقی نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ رات کوایک بج کر17منٹ پرفائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے میرا دوست گھرچھوڑنے آیا تھا، ہم جیسے ہی گھرکے اندر داخل ہوئے ، ملزمان نے گھر پرفائرنگ شروع کر دی۔ افنان صدیقی نے کہا کہ میرے ملازم نےمجھے بچانے کے لیے چھلانگ لگائی اور زمین پرگرا، فائرنگ کے بعد گولیاں گھر کی دیوار پر لگیں ۔

(جاری ہے)

گل خان زمین پرگرا اوراس کے ہاتھ پرشدید چوٹ آئی۔ اندرموجود میرے پولیس اہلکار کی جانب سے سرکاری اسلحے سے گولی چلائی گئی لیکن ملزمان خالی پلاٹ کی طرف سے فرار ہوگئے۔ سابق چیف جسٹس پاکستان کے صاحبزادے افنان صدیقی نے کہا کہ ہم نے فوری طور پر پو;یس کی ہیلپ لائن ون فائیو پر فون کیا اور پولیس کو صورتحال سے آگاہ کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ میرا عرفان اللہ کنڈی نام کے ایک شخص سے بھی 2018ء سے تنازعہ چل رہا ہے، میں وزیر اعلیٰ سندھ اور اپنے والد کے دوست ججزصاحبان کوبھی پہلے یہ باتیں بتا چکا ہوں۔

انھوں نے مزید کہا کہ عرفان اللہ کنڈی نے مری میں بھی میری والدہ پرحملہ کروایا تھا، معاملےکے حوالے سے پولیس سے بات چیت چل رہی ہے، دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق رات کو فائرنگ کی خبرموصول ہوتے ہی پولیس فوری طورپربیرسٹرافنان صدیقی کے گھر پہنچی، جائےوقوعہ پرلگے سی سی ٹی وی کیمروں کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، بیرسٹر افنان صدیقی کی جانب سے تاحال واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کروایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بیرسٹر افنان صدیقی جب کہیں گے مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔