فرانس کے سفیر کی ملک بدری کا معاملہ ، قومی اسمبلی اجلاس میں پیپلزپارٹی کی عدم شرکت کی وجہ سامنے آگئی

آصف زرداری کی ساری تاریخ 90 کی دہائی میں فرانس کے ہی کرپشن کے کیسز سے شروع ہوئی ، اس لیے اب پنڈورہ باکس کھولنے کے لیے آصف زرداری یا ان کی جماعت فرانس کے سفیر کو نکالنے یا نہ نکالنے کے بارے میں بات ہی نہیں کریں گے ، سینئر صحافی و تجزیہ کار شاہین صہبائی کا انکشاف

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 اپریل 2021 13:28

فرانس کے سفیر کی ملک بدری کا معاملہ ، قومی اسمبلی اجلاس میں پیپلزپارٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل2021ء)  فرانس کے سفیر کی ملک بدری کے معاملے پر بلائے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کی عدم شرکت کی وجہ سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار شاہین صہبائی نے کہا ہے کہ فرانس کے مسئلے پر پیپلزپارٹی نے بالکل ہی خود کو علیحدہ کرلیا اور اسمبلی اجلاس میں نہیں آئے جس کی وجہ یہ ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری کی جو ساری تاریخ 90 کی دہائی سے شروع ہوئی اور بعد تک چلی وہ فرانس کے ہی کرپشن کے کیسز سے شروع ہوئی تھی ، اس لیے اب پنڈورہ باکس کھولنے کے لیے آصف زرداری یا ان کی جماعت فرانس کے سفیر کو نکالنے یا نہ نکالنے کے بارے میں بات ہی نہیں کریں گے ، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے قومی اسمبلی اجلاس سے یہ کہہ کر راہ فرار اختیار کرلی کہ آپ جانیں اور آپ کا کام جانے۔

(جاری ہے)

یوٹیوب چینل پر اپنے پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب اگر آصف زرداری یا ان کی پارٹی کھڑی ہوکر فرانس کے خلاف بات کریں گے تو وہ بھی کہیں گے کہ اچھا بچوآپ کا بھی توکچہ چٹھہ ہے جو یہاں ہمارے پاس موجود ہے ، کیوں کہ 1994 میں آگسٹا سب میرینز خریدی گئی تھیں ، وہاں پر ان کے اس وقت کے صدر سرکوزی ، ایک وزیر اعظم اور دیگر بہت سے سینئر لوگ وہاں پر پکڑے بھی گئے ، جس کے بعد انہیں سزائیں ہوئیں اس میں آصف زرداری کا نام بھی آیا۔

شاہین صہبائی نے بتایا کہ سال 2002ء میں کراچی میں ایک نجی ہوٹل کے سامنے فرانس کے انجینئرز کی ایک بس کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جس میں 11 کے قریب فرانسیسی انجینئرز مارے بھی گئے تھے یہ لوگ سب میرینز پر کام کر رہے تھے ، جن کے بارے میں پہلے تو یہ کہا گیا کہ دہشت گردی کی کارروائی میں مارے گئے لیکن اصل وجہ یہ نکلی تھی کہ انہوں نے کمیشن نہیں دیا جس کا بدلہ لیا گیا ، جون 2010ء میں عامر لودھی کے گھر پر چھاپہ ماراگیا تھا وہاں سے پھر یہ ساری چیزیں باہر آئی تھیں۔