Live Updates

سندھ اسمبلی: مفتی قاسم فخری کی تقریر کے بعد اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو بولنے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان میں ہنگامہ

معیشت ملک اور اقوام اس وقت تباہ ہوتی ہے جب حرمت رسول پر پہرہ داری نہ ہو ۔رزق دینے والا رب العالمین ہے،مفتی قاسم فخری اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کچھ کہنے کی کوشش کی تو ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری نے انہیں اس کی اجازت نہیں دی ، حلیم عادل اپنے الفاظ واپس لیکر معذرت کریں ،ناصر شاہ

جمعرات 22 اپریل 2021 00:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2021ء) سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران بدھ کوکالعدم تحریک لبیک پاکستان کے رکن مفتی قاسم فخری کی تقریر کے بعد اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو بولنے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا، پی ٹی آئی ارکان نے ایون میں زبردست نعرے بازی کی اس موقع پر قائد حزب اختلاف اور ڈپٹی اسپیکر کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

بدھ کو ایوان کی کارروائی کے دوران کالعدم ٹی ایل پی کے رکن مفتی قاسم فخری نے اپنے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکے بناکر مرکزی شاہراہوں پر لگائے گئے ۔برطانیہ اور یہود ونصاری کو خوش کیاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت ملک اور اقوام اس وقت تباہ ہوتی ہے جب حرمت رسول پر پہرہ داری نہ ہو ۔

(جاری ہے)

رزق دینے والا رب العالمین ہے ۔

انہوں نے کہا کہ رسول کریم کی عزت وحرمت نہیں ہوگی تو ملک تباہ ہوگا۔ہمیں رسول کریم کی حرمت کے تحفظ کے لیے احتجاج کرناپڑرہاہے اگر حکومت چاہتی تو ہمارے احتجاج سے پہلے ہی فرانسیسی سفیر کو نکال دیتی ۔انہوں نے کہا کہ ہم پر امن احتجاج کررہے تھے لیکن ہم نے نوجوانوں کو سینے پر گولیاں کھاتے دیکھا ہے وقت آنے والا ہے کہ یہاں نظام مصطفی والے بیٹھیں گے۔

مفتی قسم فخری نے کہا کہ ہمیں زبردستی روڈوں سے اٹھایاجاسکتا مگرپی ٹی آئی کے احتجاج کرنیوالوں پر گولیاں نہیں چلیں۔آوارہ وفاقی وزیر ادھر ادھر گھومتا رہتاہے ۔انہوں نے کہا کہ شہدا کے لواحقین کا مطالبہ ہے کہ ہلاکتوں کا مقدمہ وفاقی وزیر کیخلاف مقدمہ درج کیاجائے ۔مفتی قاسم فخری کی تقریر کے بعد پی ٹی آئی ارکان نے ایوان میں نعرے بازی شروع کردی ۔

اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کچھ کہنے کی کوشش کی تو ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری نے انہیں اس کی اجازت نہیں دی جس پر ایوان میں شور شرابہ ہوگیا اور قائدحزب اختلاف اور ڈپٹی اسپیکر کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی ۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مجھے بولنے کے لیے آپ کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے جس پر ریحانہ لغاری نے کہا کہ آپ روڈ پر نہیں کھڑے ہوئے اسمبلی میں میری اجازت لینا ہوگی ۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم اس ایوان میں حلیم عادل شیخ کو اس وقت تک نہیں بولنے نہیں دینگے جب تک کہ وہ معافی نہ مانگیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کون ہوتے ہیں کہ کہ کہیں اسپیکر کی اجازت کی ضرورت نہیں۔ ریحانہ لغاری نے کہا کہ آپ اسپیکر کو دھمکیاں دینگے تو بولنے نہیں دونگی۔صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حلیم عادل اپنے الفاظ واپس لیکر معذرت کریں ، حلیم عادل جوش جذبات میں کہہ گئے جس پر قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مجھے بولنے دیاجائے ۔

اس موقع پرحلیم عادل شیخ نے شرجیل میمن کو چھچورا کہہ دیا۔ جس پرپی ٹی آئی اورپیپلزپارٹی ارکان کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ حلیم عاد ل شیخ نے کہا کہ میںچھچوروں کی بات کا جواب نہیں دونگا جس پر شرجیل انعام میمن بھی بھڑک اٹھے اور کہا کہ چھچورا ہوگا تو شرجیل میمن کے اس ریمارکس پر خاصاشور شرابہ ہوا بعدازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی دوپہر تک ملتوی کردیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات