کینیڈا نے پاکستان اور بھارت سے آنے والی پروازوں پر 30 دن کے لیے پابندی عائد کر دی

یہ فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے کیا گیا ۔ ایوی ایشن ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 23 اپریل 2021 11:05

کینیڈا نے پاکستان اور بھارت سے آنے والی پروازوں پر 30 دن کے لیے پابندی ..
ٹورنٹو (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2021ء) : کینیڈا نے پاکستان اور بھارت کی پروازوں پر 30 دن کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس پابندی کے حوالے سے ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ یہ پابندی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے عائد کی گئی۔ جس کے تحت کینیڈا نے پاکستان اوربھارت کے لیے فضائی آپریشن معطل کردیا ہے۔ پاکستان پر فضائی پابندی کے بعد پی آئی اے کی پروازیں 30 دن تک کینیڈا نہیں جا سکیں گی۔

اس سلسلے میں کینیڈا کی وزارت صحت نے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا کہ یہ پابندی تمام کمرشل اور نجی پروازوں پر عائد ہوگی۔ وزارت صحت کینیڈا نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں بھارت سے 35 پروازیں کینیڈا پہنچیں، اس دوران کثیر تعداد میں کورونا مثبت افراد کینیڈا پہنچے ، تاہم وزارت صحت نے وضاحت کی کہ کینیڈا میں کورونا پھیلنے کا ذمہ دار چین یا بھارت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وبا کی صورت انتہائی سنگین ہو چکی ہے۔ گذشتہ روز بھی 3 لاکھ کے 32 ہزار کرونا کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 2 ہزار 256 کرونا مریض ہلاک ہوئے۔ بھارت اس وقت دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ دوسری جانب پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے کو کینیڈین ایوی ایشن اتھارٹی کا پروازوں کی منسوخی سے متعلق نوٹس بھی موصول ہوگیا ہے۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق کینیڈین پابندی سے متعلق تفصیلات کا انتظار ہے۔ جبکہ پاکستان سے پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے ٹورنٹو میں پی آئی اے کا 16 رکنی کریو بھی پھنس گیا ہے۔ 16 رکنی کاک پٹ اور کیبن کریو نے ہفتے کو کینیڈا سے پاکستان روانہ ہونا تھا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کورونا کی تباہ کاریاں دنیا بھر میں جاری ہیں۔ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 14 کروڑ53لاکھ22ہزار سےزائد افراد متاثر اور 30 لاکھ 84 ہزار 995افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 12 کروڑ33لاکھ سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 1 کروڑ 89 لاکھ سے زائد ہے۔