ضمانت پر رہائی ، شہباز شریف نے کارکنوں کو جمع ہونے سے روک دیا

شہباز شریف نے کورونا کے باعث کارکنان کو استقبال کے لئے آنے سے سختی سے منع کر دیا ، ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 23 اپریل 2021 11:25

ضمانت پر رہائی ، شہباز شریف نے کارکنوں کو جمع ہونے سے روک دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 اپریل2021ء) لاہور ہوئی کورٹ کی طرف سے ضمانت پر رہائی ملنے کے بعد شہباز شریف نے کارکنوں کو جمع ہونے سے روک دیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف نے کورونا کےباعث کارکنان کو استقبال کے لئے آنے سے سختی سے منع کر دیا ، شہبازشریف نے ضمانت ہونے پر دعاؤں پر قوم اور کارکنان کے لئے شکریے کاپیغام دیا جس میں مسلم لیگ ن کے صدر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کورونا کی انتہائی شدت سےنجات ملتے ہی کارکنوں اوراحباب سے ملاقات کروں گا۔

ن لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر نے اس حوالے سے کہا کہ نیب کے تمام الزامات مسترد ہوچکے ہیں ، شہباز شریف کو آج رہا کیا جائے گا ، خوشی ہے آج قائد جیل سے رہا ہورہے ہیں تاہم شہباز شریف نے کورونا کے باعث کارکنوں کو جمع ہونے سے منع کیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ سنا دیا ہے ، جس میں لاہور ہائی کورٹ کے 3 رکنی فل بینچ نے مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ضمانت منظور کر لی ، اس حوالے سے لاہور ہائی کورٹ میں ن لیگ کے صدر میاں محمد شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں فل بنچ تشکیل دیا جس نے سماعت کی۔

نیب پراسیکیوٹر سید فیصل بخاری نے دلائل شروع کرتے ہوئے کہا کہ تین سے چار دن تک فیصلہ جاری نہ کرنے کا بیان دینا توہین آمیز تھا ، جس پر لیگی وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ میں اپنی بات پر قائم ہوں کیونکہ یہ حقیقت ہے کہ تین سے چار دن تک فیصلہ جاری نہ ہوا ، جس پر جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے کل کہا تھا کہ ہم ججز تبھی فیصلے پر دستخط کرتے ہیں جب ہم پوری طرح مطمئن ہوتے ہیں ، آپ کو کل کہا تھا کہ آپ جب تک فیصلہ خود نہ پڑھ لیں تب تک کلائنٹ کو کچھ نہ بتائیں ، نیب پروسیکیوٹر نے مزید کہا کہ میں ثابت کر سکتا ہوں کے اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ نے توہین آمیز بیان دیا۔