یو اے ای میں میں انسانیت دوست شخص کا بڑا کارنامہ، شانداراعزاز سے نواز دیا گیا

احمد محمد الرئیسی کے پڑوسی گھر میں آگ بھڑک اُٹھی تھی، اس نے بہادری سے کام لیتے ہوئے سب کی زندگیاں بچا لیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 اپریل 2021 12:10

یو اے ای میں میں انسانیت دوست شخص کا بڑا کارنامہ، شانداراعزاز سے نواز ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اپریل2021ء)رب نے انسان کو دردِ دل دے کرپیدا کیا ہے جو انسان دوسرے جانداروں کے لیے رحم اور ہمدردی سے خالی نہیں، وہ انسان اور رب کا بندہ کہلائے جانے کے قابل ہی نہیں ہے۔آج کے نفسانفسی کے دور میں بھی ایسے لوگ بکثرت مل جائیں گے جو اپنی جان کی پروا کیے بغیر دوسروں کی زندگیاں بچانے کے لیے سرگرم ہو جاتے ہیں۔

انہی انسانوں کی وجہ سے یہ دُنیا قائم ہے ۔ان لوگوں کو دیکھ کر ہمارا انسانیت پر اعتبار قائم رہتا ہے۔ یو اے ای میں بھی ایک شخص نے ایسا شاندار انسانیت پرست کارنامہ کر دکھایا کہ اس کے امارات بھر میں چرچے ہو گئے اور اسے اعلیٰ اعزاز سے بھی نواز دیا گیا ہے۔ خلیج ٹائمز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایک شخص نے آگ کی لپیٹ میں آئے گھر میں موجود تمام افراد کی زندگیاں بچا لی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ اماراتی ریاست عجمان میں پیش آیا تھا جہاں رات کے وقت ایک مکان میں آگ بھڑک اُٹھی تھی جہاں ایک عرب خاندان بچوں سمیت مقیم تھا۔ اماراتی شخص احمد محمد الرئیسی نے جب مکان کو آگ کے شعلوں سے گھر ادیکھا تو اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر اس گھر میں پہنچ گیا اور انتہائی خطرے کے باوجود اس گھر کے مکینوں کو بحفاظت باہر نکال لیا، حالانکہ اس بہادری کی کوشش میں اس کی اپنی جان بھی جان سکتی تھی۔

اس کارنامے کے علاقہ بھر میں چرچے ہو گئے۔ عجمان سول ڈیفنس کو جب الرئیسی کی بہادری کی داستان پتا چلی تو اسے ادارے کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل عبدالعزیز الشمسی نے اپنے دفتر بُلایااور اس کارنامے کو بے حد سراہتے ہوئے اسے امارات کا ہیرو بھی قرار دیا۔ اس موقع اس کی بہادری پر ایک یادگاری شیلڈ اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا گیا ہے۔ بریگیڈیئر جنرل الشمسی کا کہنا تھا کہ الرئیسی انسانیت کے لیے قابل فخر سرمایہ ہیں۔ اس نے اپنے انسان دوست کارنامے سے ایک عمدہ مثال قائم کی ہے کہ باقی لوگوں کو بھی مشکلات اور خطرات میں گھرے انسانوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کرنی چاہیے۔ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کا بھلا کرنا یقینا ایک بڑا کارنامہ ہے۔