سعودی عرب پر ایک ہی رات میں 3 بارود ی ڈرونز سے حملہ، شہری آبادی تباہی سے بچ گئی

پہلا ڈرون جنوبی علاقے، دوسرا خمیس مشیط اور تیسرا جازان کی جانب بھیجا گیا ، جنہیں فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 اپریل 2021 12:27

سعودی عرب پر ایک ہی رات میں 3 بارود ی ڈرونز سے حملہ، شہری آبادی تباہی ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اپریل2021ء) سعودی عرب پر گزشتہ چندماہ کے دوران یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں میں بہت زیادہ تیزی آ گئی ہے۔تاہم گزشتہ روز سعودیہ کے شہری علاقے اور تنصیبات بڑی تباہی سے بال بال بچ گئے ہیں۔ سعودی میڈیا کے مطابق گزشتہ رات کو سعودیہ کو تین بارودی ڈرونز سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم ان تینوں طیاروں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، جس کے باعث یہ اپنے ہدف تک پہنچنے میں ناکام ہو گئے۔

عرب اتحاد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یمن کی حوثی ملیشیا نے پہلا طیارہ جنوبی ریجن، دوسرا طیارہ خمیس مشیط اور تیسرا طیارہ جازان کی سمت بھیجا تھا۔ مستعد عرب اتحادی افواج نے ان تمام ڈرون طیاروں کو فضا میں ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔

(جاری ہے)

ایک روز قبل بھی سعودی عرب کو بمبار ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جو مستعد فضائی افواج نے ناکام بنا دی ہے۔

عرب فوجی اتحاد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایک روز قبل سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کی شہری آبادی کو نقصان پہنچانے کے لیے ڈرون طیارہ بھیجا گیا تھا، تاہم اس طیارے کواپنے ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا گیا ہے۔ چند روز قبل بھی سعودیہ پر متعدد دہشت گرد حملے کیے گئے ہیں، تاہم خوش قسمتی سے ان تمام حملوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ ورنہ بڑی گنتی میں شہری آبادی اور املاک کا نقصان ہو سکتا تھا۔

ایک ہی روز میں سعودی عرب پر متعدد ڈرونز اور بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا گیا ہے، جنہیں اتحادی افواج نے ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے سعودی سرزمین بڑی تباہی سے بچ گیا ہے۔ یمن میں آئینی حکومت کے دفاع کے لیے سرگرم عرب اتحاد نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کی جانب چار بمبار ڈرونز بھیجے گئے ، اس کے علاوہ ایک بیلسٹک میزائل سے بھی حملہ کیا گیا۔

تاہم مستعد فضائی افواج نے ان تما م ڈرونزاور میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ ان حملوں کا ہدف سعودیہ کا سرحدی شہری جازان اور اس کی شہری آبادی تھی۔واضح رہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے اب سعودی آئل تنصیبات کو بھی وقتاً فوقتاً نشانہ بنایا جانے لگا ہے۔ سعودی عرب چند روز قبل ایک بار پھر تباہی اور نقصان سے بال بال بچ گیا تھا۔سعودی فضائیہ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مملکت کو ایک بڑے حملے سے محفوظ بنا دیا تھا۔

عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے بتایا کہ یمن کے علاقے مارب میں حوثیوں کی جانب سے بیلسٹک میزائل حملے کی تیاری کی جا رہی تھی۔ تاہم سعودی فضائیہ نے اس میزائیل کولانچنگ سے پہلے ہی تباہ کر دیا ہے۔اس کے علاوہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی شہر خمیس مشیط پر بھی 2 بارود لدے ڈرونز کے ذریعے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی، جسے اتحادی فورسز نے ناکام بنا دیا۔