سعودی محکمہ موسمیات نے روزہ داروں کو خوش خبری دے دی

رمضان المبارک کا دوسرا ہفتہ بھی بارشوں میں گزر جائے گا، جمعہ سے منگل تک بارشیں اور ژالہ باری ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 اپریل 2021 13:50

سعودی محکمہ موسمیات نے روزہ داروں کو خوش خبری دے دی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اپریل2021ء) سعودی عرب کا شمار دُنیا کے گرم ترین خطوں میں ہوتا ہے، اپریل میں بھی خاصی گرمی ہوتی ہے۔ تاہم رمضان المبارک کا یہ مہینہ سعودیہ پر موسم کے اعتبار سے بڑی رمت بن کر نازل ہوا ہے۔ رمضان کے پہلے ہفتے کے دوران مملکت میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے سے گرمی کازور ٹوٹ گیا ہے۔گزشتہ کئی روز سے متعدد مقامات پر موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

کئی مقامات پر برف باری اور ژالہ باری بھی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے روزہ داروں کو خوشی کی خبر سُنا دی ہے جس کے مطابق اب رمضان کا دوسرا ہفتے بھی پورے کا پورا بارشوں اور ژالہ باری میں گزر جائے گی۔ آج جمعہ کے روز سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی اور مطلع ابر آلود رہنے سے گرمی کی لہر قابو میں رہے گی۔

(جاری ہے)

آج بیشتر علاقوں میں آسمان پر گہرے بادل چھائے رہیں گے۔

مکہ مکرمہ، عسیر، باحہ اور جازان میں تیز ہوائیں چلنے کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح مدینہ، تبوک، الجوف اور شمالی ریجن میں بھی بارش کی اُمید ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ سے اتوار تک مکہ، مدینہ، عسیر، جازان اور باحہ کے ریجنز میں طوفانی بارشوں کے باعث طغیانی آ جائے گی، جبکہ الجوف، تبوک، اور حدود شمالیہ میں ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش ہو گی۔

حائل اور قصیم میں منگل تک درمیانی اور تیز درجے کی بارش سے نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ ریاض اور مشرقی ریجن میں سوموار اور منگل کو درمیانی بارش کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل عسیر ریجن اور حائل شہر میں برفباری ہوئی ہے جن کے شاندار مناظر کی ویڈیو ز اور تصاویر وائرل ہو گئی ہیں۔ ان میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلند و بالا پہاڑ اور سرسبز مقامات برف کی موٹی سفید چادر تلے چھُپ گئے ہیں۔ یہاں کے کئی میدانی علاقوں میں بھی برف باری ہوئی ہے۔ لوگ دھڑا دھڑ سوشل میڈیا پر ان حیرت انگیز مناظر کی ویڈیوز پوسٹ کر رہے ہیں۔ ایک ایسی ہی ویڈیو بحرہ بنی رشید کے برف سے ڈھکے پہاڑ کی ہے۔ یہ سعودیہ کا سب سے بڑا آتش فشاں پہاڑ ہے۔