سعودیہ میں گاڑیوں کا تصادم ، 4 افراد جھُلس کر ہلاک ہو گئے

نجران میں پک اپ گاڑیاں ٹکرانے کے بعد آگ بھڑک اُٹھی تھی 4 کی حالت تشویش ناک ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 اپریل 2021 15:58

سعودیہ میں گاڑیوں کا تصادم ، 4 افراد جھُلس کر ہلاک ہو گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اپریل2021ء) سعودی عرب کے نجران ریجن میں ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور چار کی حالت تشویش ناک ہے۔ نجران ریجن کے ہلال احمر نے بتایا ہے کہ یہ حادثہ شاہراہ حبونا المنتشر پر پیش آیا ہے جب دو پک اپ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جن میں 8 افراد سوار تھے۔ اس تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اُٹھی تھی ، جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جھُلس کر دم توڑ گئے جبکہ دیگر چار کو موقع پر موجودلوگوں نے بڑی مشکل سے گاڑیوں سے نکال لیا، ورنہ ان کی بھی موت یقینی تھی۔

ہلال احمر کو اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی عملہ موقع پر روانہ کر دیا گیا تھا۔ تاہم ان زخمی افراد کو دیگر ڈرائیورز پہلے ہی اپنی گاڑیوں میں قریبی ہسپتال منتقل کر چکے تھے۔

(جاری ہے)

چاروں زخمی افراد کی حالت نازک ہے، کیونکہ آگ کی لپیٹ میں آنے سے ان کے جسم کا بہت سا حصہ جل گیا ہے۔ ڈاکٹرز ان افراد کی جان بچانے کی فوری کوشش کر رہے ہیں۔

ہلال احمر کے مطابق گاڑیوں میں آگ بھڑکنے کی وجہ سے زخمیوں کو فوری طور پر باہر نکالنے میں خاصی دُشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی مکہ کی الجعرانہ روڈ پر دو گاڑیوں کے تصادم میں ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا اور سات زخمی ہوئے تھے۔ یہ حادثہ الفیصل کے علاقے میں رونما ہوا تھا۔ امدادی عملے کے مطابق دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا کر بُری طرح کُچلی ہوئی تھیں۔

ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو چکا تھا ، جبکہ سات زخمی تھے۔ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔ اسی طرح اپریل کے ابتدای دنوں میں مدینہ میں بھی ایک حادثے کے نتیجے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھے ، جبکہ کئی زخمی ہوئے تھے۔یہ حادثہ 10 بج کر 5 منٹ پر اولڈ مدینہ سے القصیم جانے والی سڑک پر ایک جان لیوا حادثہ رونما ہوا تھا جس میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے اور 5 زخمی ہوئے تھے۔

یہ حادثہ العاقول کے قریب تین گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے باعث پیش آیا تھا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ سات افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے جن میں 2 بچے، 2 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔ جبکہ پانچ شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں 2 خواتین اور 1 بچہ شامل تھے۔ان افراد کو تشویش ناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔