وزیراعظم نے پنجاب ہاؤس مری کو کوہسار یونیورسٹی میں تبدیل کرنےکا افتتاح کردیا

ایک وقت تھا جب گورنرہاؤس مری ایک فیملی کی ملکیت ہوتا تھا،اس کی خوبصورتی کیلئے83 کروڑ خرچ کیے گئے، مری میں وزیر اور بڑے بڑے لوگ مفت رہائش کرتے تھے، کوہساریونیورسٹی بننے سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ وزیراعظم عمران خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 23 اپریل 2021 17:19

وزیراعظم نے پنجاب ہاؤس مری کو کوہسار یونیورسٹی میں تبدیل کرنےکا افتتاح ..
مری (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2021ء) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب ہاؤس مری کو کوہسار یونیورسٹی بنانے کا افتتاح کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب گورنرہاؤس مری ایک فیملی کی ملکیت ہوتا تھا، 83 کروڑ اس کی خوبصورتی کیلئے خرچ کیا گیا، مری میں وزیر اور بڑے بڑے لوگ مفت رہائش کرتے تھے، کوہسار یونیورسٹی بننے سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کوہسار یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مری میں بڑے زبردست کام ہورہے ہیں ، اس علاقے میں پہلے کبھی ایسے کام نہیں ہوئے، زیادہ سے زیادہ ایک بڑا گورنرہاؤس ہوتا تھا، وہ ایک فیملی کی ملکیت تھی، سارا خرچہ وہاں ہوتا تھا، 62 کروڑ نہیں 83 کروڑ روپیہ اس کی خوبصورتی کیلئے خرچ کیا تھا۔ مری میں وزیر اور بڑے بڑے لوگ مفت رہائش کرتے تھے۔

(جاری ہے)

اب یہاں عوام کی بہتری کیلئے کام ہورہے ہیں، کسی نے نہیں سوچا کہ یہاں ہسپتال بنائیں، نتھیا گلی میں صرف ایک چھوٹا سا ہسپتال ہے، اب 370 کینال کے اوپر ہسپتال بنارہے ہیں، عوام کی سب سے بڑی ضرورت حکومت عوام کو تعلیم دے، صحت کا خیال رکھے، ایک آدمی مزدوری کرتا ہے اس کے پاس تعلیم نہیں ہوتی لیکن اگر اس کو کوئی ہنر سکھا دیں تو وہ زیادہ پیسا کما سکتا ہے، میٹرک کے بچے کو6 ماہ کا کورس کروا دیں تو اپنے گھر والوں کیلئے پیسا کما سکتا ہے۔

وہی قوم عظیم بنتی ہے جو آگے کا سوچتی ہے، جنگ بدر کے بعد جب قیدی پکڑے گئے تو پیارے رسول ﷺ نے فرمایا کہ جو قیدی دس مسلمانوں کو پڑھائے گا اس کو رہا کردیا جائے گا۔ کوہسار یونیورسٹی پاکستان مستقبل ہے، سیاحت مستقبل ہے۔ کوہسار یونیورسٹی سیاحت کے فروغ کیلئے بہت اہم ہے۔ پاکستان بدلنے والا ہے۔ سارے علاقے ترقی کریں گے۔ سوشل میڈیا کی وجہ سے ٹورازم بڑھ رہی ہے۔

ہم صرف ٹورازم کی ترقی سے ملک کے قرضے ادا کرسکتے ہیں۔ برآمدات سے کہیں زیادہ ہم سیاحت کے ذریعے پیسا کما سکتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہےکہ سیاحت کیلئے نئے پوائنٹ کھولیں۔ مری میں اتنے لوگ آجاتے ہیں کہ چلنے کی جگہ نہیں ہوتی۔ سیاحت سے مقامی لوگوں کو روزگار ملےگا، لوگ شہروں کا رخ نہیں کریں گے۔ پاکستان سیاحت کے فروغ سے کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کمزور اورغریب طبقے کی مدد کرتی ہے تو اللہ کی برکت آتی ہے۔ مدینہ کی ریاست کے اصول اپنانے سے غیرمسلم بھی آگے بڑھ گئے ہیں۔لوگوں کی ضروریات پوری کرنےوالے ممالک خوشحال ہوجاتے ہیں۔ یواین ڈی پی رپورٹ کےمطابق خیبرپختونخوامیں سب سے تیزی سے غربت کم ہوئی۔