مقبوضہ کشمیر ، حریت رہنمائوں کا ایاز اکبرکی اہلیہ کی وفات پر اظہار تعزیت

جمعہ 23 اپریل 2021 17:25

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں حریت رہنمائوں اورتنظیموں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ایاز اکبر کی اہلیہ کی وفات پر غمزدہ لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد حریت رہنمائوں خواجہ فردوس، عمر عادل ڈار اور رئوف خان کے ہمراہ سرینگر کے علاقے ملورہ میں واقع ایاز اکبر کے گھر گئے او ر غمزد ہ لواحقین کے ساتھ تعزیت کی۔

تحریک حریت جموںوکشمیر کے ترجمان نے ایک بیان میںجموںخطے کی ادھمپور جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی چیئرمین محمد اشرف صحرائی اور تنظیم کی آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی طرف سے ایاز اکبر اور دیگر غمزدہ لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں غلام محمدخان سوپوری، عبدالاحدپرہ ، فریدہ بہن جی ، جاوید احمد میر ، شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، یاسمین راجہ، زمرودہ حبیب احمد ملک ، سمینہ بانو ، نصیر الاسلام ، عبدالصمد انقلابی ، سید اعجاز رحمانی، عزیر احمد غزالی ، جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے اپنے بیانات میں اور اجلاسوں کے دوران ایازاکبر کی اہلیہ کی وفات پر دکھ اور افسوس کاظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

یاد رہے کہ ایاز اکبر کی اہلیہ طویل علالت کے بعد جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سرینگر میں انتقال کر گئی تھیں۔ایازاکبر 2017سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں۔