بیس کیمپ اپنا مطلوبہ کردار ادا کرتا تو کل مقبوضہ کشمیر کے بھائی آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہوتی: ڈاکٹر خالد محمود خان

جمعہ 23 اپریل 2021 20:35

تراڑ کھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2021ء) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ بیس کیمپ اپنا مطلوبہ کردار ادا کرتا تو کل مقبوضہ کشمیر کے بھائی آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہوتے اور یہ خطہ علاقے کا ترقی یافتہ خطہ ہوتا ،73برس بیت گئے لیکن وہ مقاصد حاصل نہیں ہوئے جن کے لیے بے پناہ قربانیاں پیش کی گئیں تھیں ،جماعت اسلامی کے پاس کشمیرکی آزادی اور ریاست کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا لائحہ عمل موجود ہے ،جماعت اسلامی اپنے منشور،ایجنڈے ،انتخابی نشان کے ساتھ میدان میں موجود ہے جماعت اسلامی نے با حیثیت جماعت عوام کی بے پناہ خدمت کی ہے اور کررہی ہے صحت تعلیم اور خدمت کے میدان میں کوئی بھی جماعت ،جماعت اسلامی کا ہم پلہ نہیں ہوسکتی ،عوام انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواران کو کامیاب کر کے ایوانوں تک پہنچائیں تا کہ ایوانوں کے پلیٹ فارم کو بھی کشمیرکی آزادی اور نظام کی تبدیلی کے لیے برئوے کار لایا جائے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دورہ تراڑ کھل کے دوران ملاقاتوں اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ آزاد خطے کے اندر 25ارب روپے کا سالانہ ترقیاتی بجٹ درست منصوبہ بندی کے تحت لگایا جائے تو آزادکشمیر کے ہر شہری کو گھر کی دہلیز پر پختہ سڑک مل سکتی ہے عوام جماعت اسلامی کو موقع دے تو جماعت اسلامی ریاست کے وسائل کو برئوے کار لا کر بے روزگارنوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے مواقع فراہم کرے گی ،اسلامی نظام کے نفاذ سے ہی ہمارے مسائل حل ہوسکتے ہیں اسلامی معاشرے کی تشکیل کے لیے جماعت اسلامی جدوجہد کررہی ہے کشمیرکی آزادی اور اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہمارا مشن اور ہدف ہے نوجوان بھرپور انداز سے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تا کہ حقیقی تبدیلی لائی جاسکے ۔