بھارت میں ''کورونا وائرس سے نجات'' کے لیے مسلم کمیونٹی سے دعاؤں کی اپیل

ممبئی پولیس اہلکار کی رمضان المبارک میں مسلم کمیونٹی سے دعاؤں کی اپیل کی ویڈیو وائرل ہو گئی

جمعہ 23 اپریل 2021 21:16

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2021ء) بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے، اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کئی مریض جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں جبکہ اسپتالوں میں جگہ کی کمی کی وجہ سے بھارت میں کئی شہری اسپتالوں کے سامنے ہی پگڈنڈیوں اور فٴْٹ پاتھ پر سونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ بھارت میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر مسلم کمیونٹی سے رمضان المبارک میں اس وبا سے نجات کی دعا کرنے کی اپیل بھی کی گئی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ممبئی پولیس کے ایک اہلکار کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں پولیس اہلکار مسلم کمیونٹی سے کورونا وائرس سے نجات کے لیے رمضان المبارک میں خصوصی دعا کرنے کی اپیل کر رہا ہے۔ ویڈیو میں موجود پولیس اہلکار نے مسلم کمیونٹی کے لیے رمضان المبارک کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ آپ سب کی مراد پوری کرے۔

(جاری ہے)

ہم درخواست کرتے ہیں کہ جو لوگ نماز ادا کرتے ہیں ، برائے مہربانی اللہ تعالیٰ سے گزارش کیجئیے کہ یہ کورونا جو ہمارے لوگوں کو لے کر جا رہا ہے ، تکلیفوں میں ڈال رہا ، اٴْس کو ختم کر دے۔ پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ میں نے سٴْنا ہے کہ تراویح کی نماز میں مانگی جانے والی دعا جلدی سنی جاتی ہے لہٰذا آپ تہہ دل سے نماز میں یہی مانگیں کہ کورونا ہمارے شہر اور ملک سے چلا جائے۔