قائد حزب اختلاف شہباز شریف 8 ماہ بعد کوٹ لکھپت جیل سے رہا

لاہور ہائیکورٹ سے شہباز شریف کی ضمانت کے آرڈر جاری ہونے کے بعد ان کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے ضمانتی مچلکے احتساب عدالت نمبر 2 میں جمع کروائے ، مچلکوں کا جائزہ لینے کے بعد ان کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی

جمعہ 23 اپریل 2021 21:16

قائد حزب اختلاف شہباز شریف 8 ماہ بعد کوٹ لکھپت جیل سے رہا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2021ء) مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ضمانت ملنے پر جیل سے رہا کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ سے شہباز شریف کی ضمانت کے آرڈر جاری ہونے کے بعد ان کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے ضمانتی مچلکے احتساب عدالت نمبر 2 میں جمع کروائے ، جس میں ن لیگی رہنما ملک سیف الملوک کھوکھر اور چوہدری محمد نواز شہباز شریف کے ضمانتی ہیں ، عدالت کی جانب سے شہباز شریف کی جانب سے جمع کروائے گئے مچلکوں کا جائزہ لینے کے بعد ان کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی ، شہباز شریف کی روبکار پر احتساب عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے دستخط کیے ، روبکار جیل حکام کو موصول ہونے کے بعد شہبازشریف کو رہا کر دیا گیا۔

قبل ازیں لاہور ہوئی کورٹ کی طرف سے ضمانت پر رہائی ملنے کے بعد شہباز شریف نے کارکنوں کو جمع ہونے سے روک دیا ، پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف نے کورونا کے باعث کارکنان کو استقبال کے لئے آنے سے سختی سے منع کر دیا ، شہباز شریف نے ضمانت ہونے پر دعاؤں پر قوم اور کارکنان کے لئے شکریے کاپیغام دیا جس میں مسلم لیگ ن کے صدر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کورونا کی انتہائی شدت سے نجات ملتے ہی کارکنوں اوراحباب سے ملاقات کروں گا۔

(جاری ہے)

ن لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر نے اس حوالے سے کہا کہ نیب کے تمام الزامات مسترد ہوچکے ہیں ، خوشی ہے آج قائد جیل سے رہا ہورہے ہیں۔ خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ سنا دیا ہے ، جس میں لاہور ہائی کورٹ کے 3 رکنی فل بینچ نے مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ضمانت منظور کر لی ، اس حوالے سے لاہور ہائی کورٹ میں ن لیگ کے صدر میاں محمد شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں فل بنچ تشکیل دیا جس نے سماعت کی ، جس میں فریقین کے دلائل سننے کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ضمانت منظور کرلی۔