وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کی ملاقات

کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت،قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

جمعہ 23 اپریل 2021 22:50

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کی ملاقات
ٰلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے ملاقات کی، جس میں کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کی گئی اورقیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا گیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔قوم کی تائید وحمایت سے دشمن کے مذموم عزائم پہلے بھی ناکام بنائے،آئندہ بھی بنائیں گے۔

قوم اور سکیورٹی اداروں نے قیام امن کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔بزدل دشمن بہادر قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ خدمت کے سفر کے سامنے انتشار کی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے۔افراتفری کی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیاہے اوردیتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

منفی سیاست کو 22کروڑ عوام مسترد کرچکے ہیں اور پی ڈی ایم ملک میں عدم استحکام چاہتی تھی لیکن خود ٹوٹ پھوٹ چکی ہے -پے درپے ناکامیوں کے بعدمخالفین کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے۔

پنجاب میں حقیقی ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ یہ سفرتیزی سے جاری و ساری رہے گا، روکنے کی کوشش کرنے والے پہلے کی طرح ناکام رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں دانستہ طور پر بعض علاقوں کو نظر انداز کیا گیاجبکہ ہماری حکومت نے یکساں ترقی کا وژن دیا ہے -وفاقی وزیر غلام سرور خان نے اس موقع پرکہا کہ عوام کی حمایت سے اپوزیشن عناصر کے افراتفری پھیلانے کے عزائم ناکام بنائے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خا ن کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے -اپوزیشن جماعتوں نے حساس معاملات پر بھی سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کی-دونوں رہنماؤں نے حالیہ صورتحال پر اپوزیشن کے افسوسناک رویے کی بھی مذمت کی-ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،حلقے کی ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔