Live Updates

کورونا کی تیسری لہر زیادہ خطرناک، رضا کار یا ٹائیگر فورس ناکافی ہے،ڈاکٹرفیصل سلطان

پولیس ایس اوپیز پر عملدرآمد کروائے گی، ضرورت پڑی تو فوج پولیس کی مدد کیلئے موجود ہوگی، کورونا ایس اوپیز پرعمل کرکے وباء سے بچ سکتے ہیں۔ معاون خصوصی برائے صحت کی میڈیا بریفنگ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 23 اپریل 2021 21:06

کورونا کی تیسری لہر زیادہ خطرناک، رضا کار یا ٹائیگر فورس ناکافی ہے،ڈاکٹرفیصل ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2021ء) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا کی صورتحال خطرناک ہے، رضا کار یا ٹائیگر فورس ناکافی ہیں، پولیس ایس اوپیز پر عملدرآمد کروائے گی،ضرورت پڑی تو فوج پولیس کی مدد کیلئے موجود ہوگی، کورونا ایس اوپیز پرعمل کرکے وباء سے بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کورونا کی تیسری لہر میں رضا کار یا ٹائیگر فورس ناکافی ہے۔

موجودہ صورتحال میں کورونا ایس اوپیز پر عمل اور احتیاط کرکے وباء سے بچ سکتے ہیں۔ بہت سے شہروں میں زیادہ تر آکسیجن بیڈز پر مریض موجود ہیں۔ اسی طرح وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے بتایا کہ خدشہ ہے کورونا کی ایسی صورتحال پیدا ہو جائےکہ شہر میں لاک ڈاؤن کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ لاک ڈاؤن کے حوالے سے صوبوں سے مل کر پلان بنائیں گے۔ ہوٹلز اور ریسٹورانٹس میں ان ڈورڈائننگ پر پہلے ہی پابندی تھی، عید تک آؤٹ ڈور پر بھی پابندی لگائی جارہی ہے، تاہم ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح دفتری اوقات کار2 بجے تک کی جارہی ہے۔ دفتر میں 50 فیصد سے زیادہ لوگوں کو نہ بلایا جائے۔ 50 فیصد ورک فرام ہوم کی پالیسی پرعملدرآمد کیا جائے۔

ایس اوپیز کے تحت تمام بازار شام چھ بجے تک کھلے رہیں گے۔ جبکہ شام 6 بجے کے بعد صرف اشیائے ضروریہ کی دکانیں ہی کھلیں گی۔ باقی کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔ اسی طرح وہ اضلاع جہاں 5 فیصد سے زیادہ مثبت کیسز ہیں وہاں اسکول بند ہوں گے۔ جن شہروں میں کورونا کیسز کی تعداد زیادہ اور شرح 13 فیصد سے زیادہ ہوگی وہاں 9 ویں سے12 ویں جماعت کی کلاسز عید تک بند کردی جائیں گی۔

اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے میڈیا بریفنگ میں قوم کو آگاہ کیا کہ کورونا کیسزمیں اضافہ ہورہا ہے، ہم نے احتیاط نہ کی تو 2 ہفتوں میں ہمارے حالات بھارت جیسے ہوجائیں گے، حالات قابو سے نکل گئے تو سخت فیصلے کرنے پڑیں گے ، ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے فوج سڑکوں پر نکلے گی، میں نے فوج کو کہا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے ہماری فورسز کے ساتھ سڑکوں پر آئے ، ہم اب تک لوگوں کو ایس او پیز پر چلنے کا کہتے رہے ہیں لیکن لوگوں میں کوئی خوف نہیں اور کوئی احتیاط نہیں کررہے اس لیے فوج کو پولیس اور فورسز کی مدد کرنے کا کہا ہے۔
Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات