پاکستان کی پیشکش قبول کریں، بھارتی رکن پارلیمنٹ کا مودی کو خط

امرتسر اور پنجاب کے ہسپتالوں میں آکسیجن کی قلت کے پیش نظر واہگہ بارڈر پر آکسیجن کوریڈور قائم کی جائے، خط کا متن

منگل 27 اپریل 2021 23:14

پاکستان کی پیشکش قبول کریں، بھارتی رکن پارلیمنٹ کا مودی کو خط
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2021ء) پاکستان کی جانب سے بھارت کو کورونا سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی مدد کی پیشکش کو لوک سبھا (ایوان زیریں) کے رکن گرجیت سنگھ اوجلا نے قبول کرنے کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو باقاعدہ خط لکھ دیا ہے۔بھارتی پارلیمنٹ کے رکن گرجیت سنگھ اوجلا نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کی جانب سے کی جانے والی پیشکش کو قبول کریں اور واہگہ بارڈر پر آکسیجن کوریڈور قائم کریں۔

بھارتی شہر امرتسر سے کانگریس کے رکن گرجیت سنگھ نے مودی کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ امرتسر اور پنجاب کے ہسپتالوں میں آکسیجن کی قلت کے پیش نظر واہگہ بارڈر پر آکسیجن کوریڈور قائم کی جائے جس سے بھارتی پنجاب کے گوارداسپور، پٹھان کوٹ، بٹھنڈا، جالندھر، تارن تارن اور دیگر اضلاع میں آکسیجن کی فوری فراہمی یقینی ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

کانگریس سے تعلق رکھنے والے بھارتی رکن پارلیمنٹ نے مؤقف اپنایا ہے کہ اس وقت کہ بھارت کے ہسپتالوں میں مائع آکسیجن، ونٹی لیٹرز، بی پاپس، آکسیجینیٹرز اور دیگر متعلقہ سامان کی کمی کا سامنا بھارتی رکن پارلیمنٹ گرجیت سنگھ نے لکھا کہ میں پارلیمنٹ میں امرتسر کی نمائندگی کرتا ہوں جو کہ بین الاقوامی سرحد پر واقع ہے۔

اس کا سب سے قریبی آکسیجن پلانٹ (پانی پت) 350 کلومیٹر دور ہے ، یہ لاہور شہر سے صرف 50 کلومیٹر دوری پر ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ امرتسر کے ہسپتالوں میں آکسیجن کی روزانہ کی ضرورت 30 ٹن ہے پنجاب کو الاٹ کیا گیا کوٹہ بہت ہی کم ہے اور سپلائی بھی قابل اعتبار نہیں ہے۔گرجیت سنگھ نے لکھا کہ امرتسر کو اس وقت آکسیجن پانی پت سے ٹرکوں کے ذریعے سپلائی کی جا رہی ہے جو کہ قابل اعتبار نہیں۔

امرتسر میں موجود آکسیجن کے ذخائر پہلے سے ہی ختم ہو چکے ہیں اور ہم اس وقت اس ناقابل اعتبار سپلائی چین کے رحم و کرم پر ہیں۔ گرجیت سنگھ نے مؤقف اپنایا کہ موجودہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ امداد کی تمام پیشکشوں کو قبول کی جائیں اور پاکستان سے آکسیجن کی خریدنے اور وہگہ اٹاری بارڈر سے سپلائی کے لیے تمام انتظامات کیے جائیں۔

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کے مطابق میں موجودہ سیاسی اور سفارتی حالات سے باخبر ہوں لیکن اس طرح کی وبا اور قدرتی آفات کے دوران تمام اقوام کو مل جل کر اس مشترکہ دشمن (وبا) کو شکست دینا چاہیے۔سکھ رکن پارلیمان نے وزیراعظم نریندر مودی کو لکھا کہ آپ نے 550 ویں جنم دن کے موقع پر دنیا کو کرتارپور صاحب کوریڈور کا تحفہ دیا اور اب گرو تیغ بہادر صاحب کی 400 ویں سالگرہ پر آکسیجن کوریڈور ایک عظیم تحفہ ہوگا۔