ایران سے اچھے تعلقات، وزیراعظم کا سعودی ولی عہد کی خواہش کا خیر مقدم

سعودی عرب ایران کے درمیان امن اقدامات سے امت مسلمہ مضبوط ہو گی۔ وزیراعظم کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 29 اپریل 2021 12:19

ایران سے اچھے تعلقات، وزیراعظم کا سعودی ولی عہد کی خواہش کا خیر مقدم
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 اپریل 2021ء ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کو پڑوسی ملک کی حیثیت سے دیکھتا ہے جو اس بات کا اشارہ ہے کہ سعودی عرب ایران کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کا خواہش مند ہے۔اسی پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی ردِعمل دیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کی جانب سے ایران سے اچھے تعلقات کی خواہش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان عمل اقدامات سے امت مسلمہ مضبوط ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمارا پڑوسی اور سعودی عرب ہمارا قریب ترین دوست ہے۔ سعودی عرب اور ایران کے درمیان امن اقدامات سے امت مسلمہ مضبوط ہوگی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ایران ایک ہمسایہ ملک ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ایران کے ساتھ تعلقات خراب کریں، اس کے برعکس ہم چاہتے ہیں کہ ایران ترقی کرے۔ ہمارے مفادات ایران سے اور ایران کے سعودی عرب سے وابستہ ہیں۔ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دے کر ہم خطے اور دنیا کو ترقی اور خوشحالی کی طرف راغب کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مسئلہ ایران کے منفی روییکا نتیجہ ہے خواہ اس کا جوہری پروگرام ہو یا خطے کے کچھ ممالک میں قانون سے باہر ملیشیائوں کی حمایت یا اس کے بیلسٹک میزائل پروگرام ہو۔

یہ سب ہمارے لیے تعلقات کو آگے بڑھانے کی رکاوٹیں ہیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سعودی عرب ایران کے ساتھ اپنے مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے خطے اور دنیا میں اپنیاتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سعودی عرب اپنی سرحدوں پر مسلح ملیشیائوں کی موجودگی کو قبول نہیں کرسکتا کیونکہ یہ مسلح گروپ کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوںنے یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ حوثی باغیوں کا ایرانی حکومت کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔