عوامی ورکرز پارٹی حیدرآباد کی طرف سے محنت کشوں کے عالمی دن پر گل سینٹر سے حیدرآباد پریس کلب تک انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور ریلی نکالی گئی

ہفتہ 1 مئی 2021 21:02

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2021ء) عوامی ورکرز پارٹی حیدرآباد کی طرف سے محنت کشوں کے عالمی دن پر گل سینٹر سے حیدرآباد پریس کلب تک انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں سیاسی، سماجی اور مزدور رہنماؤں وکارکنوں نے شرکت کی، کامریڈ بخشل تھلو، کامریڈ مقصودہ رند، کامریڈ جاوید راجپر، عرفان چانڈیو، ودیگر نے کہاکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں جبری مشقت کا راج ہے مزدور دشمن پالیسی کے تحت ملک کے اہم ادارے اسٹیل مل، ریلوے پی آئی اے ، واپڈا کی نجکاری کرکے ٹھیکیداروں کے حوالے کیاجارہاہے، انہوںنے کہاکہ حکمران ملک میں عوامی مفاد کے بدلے عالمی مالیاتی اداروں اور سامراجی مفادات کو تحفظ دے رہے سرمایہ دارانہ نظام کے تحت صحت، تعلیم کے شعبے کوتباہ کرکے غریب عوام کو صحت اور تعلیم سے محروم کردیا گیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ روزانہ کام کا دورانیہ 7 گھنٹے مقرر کیاجائے، نجکاری کا عمل روکا جائے، اسٹیٹ بینک کی نجکاری بند کی جائے، سندھ سے باہر سے آنے والوں کی آباد کاری کے خلاف قانون سازی کی جائے اور مقامی وسائل پر مقامی افراد کا حق تسلیم کیاجائے مزدور دشمن پالیسیوں کو ختم کیاجائے۔