جوبلی لائف اور چارٹر فار کمپیشن کے اشتراک سے کراچی میں 25 لائبریریاں قائم

پیر 3 مئی 2021 20:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2021ء) پاکستان میں نجی شعبے کے صف اول کے لائف انشورنس ادارہ جوبلی لائف انشورنس نے کولابریٹو لائبریرز پروجیکٹ (سی ایل پی) اقدام کے لئے ترقیاتی شعبے میں فعال غیرمنافع بخش ادارہ چارٹر فار کمپیشن پاکستان سے اشتراک کیا ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت کراچی کے متعدد پسماندہ علاقوں کے اسکولوں میں 25 لائبریریاں قائم کی گئی ہیں۔

یہ کولابریٹو لائبریریز پروجیکٹ دراصل کمپیشنیٹ کراچی تحریک کا حصہ ہے جو سب کے لئے معیاری تعلیم کے خیال کو پروان چڑھانے کا جامع اقدام ہے۔ اس اقدام کا مقصد یہ تھا کہ نشاندہی کرکے ایسے اسکولوں میں لائبریریاں قائم کی جائیں جہاں بچوں میں لائبریری کا سرے سے تصور ہی نہیں ہے۔ اس عمل سے مطالعہ کا رجحان بڑھے گا بلکہ اسکے نتیجے میں نوجوان نسل میں رحم دلی کا جذبہ پروان چڑھے گا۔

(جاری ہے)

یہ لائبریریاں تین مراحل میں قائم کی گئیں۔ لائبریری کی تیاری، ملازم کی شمولیت کا اقدام اور پھر اسے اسکول کی تحویل میں دینا۔اس موقع پر جوبلی لائف انشورنس کے ایم ڈی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید احمد نے کہا، "مطالعہ کی اہمیت سے ہم سب بخوبی آگاہ ہیں۔ آج ہم یہاں جس مقام پر کھڑے ہیں وہ صرف گزرے سالوں میں حاصل شدہ علم کی بدولت ہی ہواہے۔

یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ معاشرے کو واپس لوٹائیں اور ملک بھر کے تمام طبقات کو ایک سطح پر لانے کی کوشش کریں۔ اس اقدام کی بدولت ہم پرامید ہیں کہ بچوں میں مطالعہ کی عادت پروان چڑھے گی اور ہم اسی طرح تیزرفتاری سے آگے بڑھنے کے لئے اپنا پلیٹ فارم پیش کرتے رہیں گے۔ "چارٹر فار کمپیشن کے بانی ، امین ہاشوانی نے کہا، "مستحکم ساکھ کے حامل جوبلی لائف انشورنس کی جانب سے اس اقدام میں تعاون کے ذریعے ہم نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

ہم جوبلی لائف جیسے قابل احترام اداروں کے ساتھ اشتراک پر خوش ہیں جس سے معاشرے کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ یہ اقدام ایک ایسا سفر ہے جس پر ہمیں فخر ہے اور خصوصی طور پر اب ہم ملاحظہ کررہے ہیں کہ بچے لائبریریوں سے علم حاصل کررہے ہیں۔ "جوبلی انشورنس آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈیولپمنٹ (AKFED)کا ایک عالمی برانڈ ہے جو ایشیا اور مشرقی افریقہ کی مارکیٹوں میں مختلف انشورنس پالیسیاں برائے زندگی ، صحت اور جنرل بھی پیش کرتا ہے۔

پاکستان میں جوبلی لائف منفرد ترتیب دئیے گئے زندگی و صحت انشورنس کے منصوبے پیش کرتا ہے جو صارفین کے مختلف طبقات کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں جن میں ریٹائرمنٹ، بچوں کی تعلیم، شادی ، بچت اور تحفظِ زندگی ، خواتین کیلئے خاص بیمہ زندگی پالیسیاں ، دیہی علاقوں کیلئے بیمہ پالیسیاں اور ملک کے کم مراعات یافتہ طبقے کے لئے زندگی اور صحت کی پالیسیاں شامل ہیں۔

چارٹر فار کمپیشن پاکستان ایک باہمی کاوش ہے جو نہ صرف رحم دلی پر مبنی سوچ کو تازگی بخشتی ہے بلکہ اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ رحم دلی پر مبنی افعال ہماری زندگی میں مرکزی اہمیت رکھتے ہیں۔ چارٹر فار کمپیشن سوسائٹی آف پاکستان (سی ایف سی) کا مقصد یہ ہے کہ رحم دلی کی سوچ اور افعال پر جدید پروگرامز، تعلیم اور تربیت کے ذریعے ایک فعال، پرامن اور رحم دلی پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا جائے۔