حوثیوں کے سعودی عرب پر حملے عالمی برادری کے لیے چیلنج ہیں،عرب امارات

امارات اور سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف مل کر جنگ جاری رکھیں گے،وزارت خارجہ کا بیان

منگل 4 مئی 2021 15:54

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2021ء) متحدہ عرب امارات نے سعودی عرب کے شہریوں اور تنصیبات پر ایرانی حمایت یافتہ یمنی حوثی باغیوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ حوثیوں کے سعودی عرب پر ہونے والے بیلسٹک اور ڈرون حملے عالمی برادری کو چیلنج کرنے کی عکاسی کرتے ہیں۔امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق امارات کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے شہر نجران پرحوثیوں کے حملے امن کو تباہ کرنے کی دانستہ اور ایک سوچی سمجھی کوشش ہے۔

حوثی ملیشیا ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سعودی عرب کے شہریوں اور نجران کی اہم شخصیات کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ یمن میں تعینات عرب اتحادی فوج کی طرف سے حوثیوں کے سعودی عرب پر ہونے والے بیلسٹک اور بمبار ڈرون طیاروں کے حملوں کو ناکام بنا کر حوثیوں کی دہشت گردانہ سازشیں ناکام بنائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا کہ حوثی دہشت گرد گروپ کی طرف سے سعودی عرب پرحملوں کا تسلسل بین الاقوامی برادری کو چیلنج کرنے، عالمی قوانین اور بین الاقوامی ضابطوں کا مذاق اڑانے کی مجرمانہ کوشش ہے۔

امارات نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ حوثی ملیشیا کے سعودی عرب کی حساس اور شہری تنصیبات، مملکت کی سلامتی، تیل کی سپلائی پر ہونے والے حملوں اور عالمی معیشت کو نشانہ بنانے کی حوثیوںکی سازش کے خلاف ٹھوس موقف اختیار کرے۔امارات نے ایک بار پھر حوثیوں کے حملوں کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امارات اور سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف مل کر جنگ جاری رکھیں گے۔