Live Updates

وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے صوبائی وزراء ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کی ملاقاتیں

تحریک انصاف کی حکومت نے اڑھائی برس کے دوران عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی‘وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

منگل 4 مئی 2021 16:59

وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے صوبائی وزراء ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزراء ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے اڑھائی برس کے دوران عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے - ہماری حکومت کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا جبکہ ماضی میں ہر روز کرپشن کی داستانیں منظر عام پر آتی تھیں - سابق حکمرانوں نے قومی وسائل کوذاتی نمودو نمائش پر بے دریغ استعمال کیا - سابق دور میں عوام پستے رہے اور سابق حکمران سرکاری پیسے کو مال مفت سمجھ کر خرچ کرتے رہی- وزیراعلی نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ کے نظام سے راہ فرار اختیار کرنا دھاندلی میں ملوث ٹولے کے اندر کے خوف کو ظاہر کرتا ہے -سابق حکمران الیکشن میں شفافیت کے مخالف ہیں - انہیں علم ہے کہ عام انتخابات شفا ف ہوئے تو ان کی رہی سہی سیاست بھی ختم ہو جائے گی- دھاندلی کرنا ان لوگوں کا وطیرہ رہا ہے -الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے الیکشن کے نظام میں شفافیت آئے گی اور نتائج پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا-وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اداروں میں اصلاحات لانے کا نظام جاری رہے گا- وزیر اعلی عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادردریشک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ جمشید اقبال چیمہ ، اراکین قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد، حاجی امتیاز احمد، اراکین پنجاب اسمبلی شہاب الدین خان ، عادل پرویز، عبدالرحمن خان، ملک اسد کھوکھر، طارق تارڑ، رائے حسن نواز اور طاہر بشیر چیمہ شامل تھی-
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات