بلوچستان میں معدنی ذخائر کی دریافت کیلئے لائسنس جاری کرنے کا معاملہ

سپیکر بلوچستان اسمبلی کی قیادت میں 10رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی

منگل 4 مئی 2021 17:07

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2021ء) بلوچستان میں معدنی ذخائر کی دریافت کے لئے لائسنس جاری کرنے کے معاملے پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی قیادت میں 10رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی کمیٹی وفاقی حکومت سے معاملے کو اٹھانے کے بعد اپنی رپورٹ اسمبلی میں پیش کریگی ، تفصیلات کے مطابق 29اپریل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ کی جانب سے توجہ لائو نوٹس پیش کیا گیا تھا جس میں انکا موقف تھا کہ وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 172(3)کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معدنی ذخائر دریافت کرنے کے لئے تیل و گیس کی6کمپنیوں کو لائسنس جاری کئے ہیں جس پر اسپیکر نے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی رولنگ دی تھی ، گزشتہ روز سیکرٹری اسمبلی نے اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی صدارت میں 10رکنی کمیٹی کے ارکان کے ناموں کو نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق کمیٹی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈوکیٹ، ملک نصیر شاہوانی، سردار یار محمد رند، اصغر خان اچکزئی، نور محمد دمڑ، میر اسد اللہ بلوچ، عبدالخالق ہزارہ، نصر اللہ زیرے، گہرام بگٹی اور ثناء بلوچ شامل ہونگے کمیٹی صوبے کو اعتماد میں لئے بغیر معدنی ذخائر دریافت کرنے کے لائسنس جاری کرنے کا معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھائے گی اور جلد از جلد اپنی رپورٹ اسمبلی میں جمع کروائے گی ۔