پاکستان میں چین کے شہر ووہان سے آنے والا کورونا وائرس ختم ہوچکا ہے

پاکستان میں اب موجود وائرس برطانیہ سے آنے والا ہے، پنجاب میں جنوبی افریقہ سے آئی کورونا وائرس کی قسم 2 فیصد پھیل چکی ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 5 مئی 2021 13:19

پاکستان میں چین کے شہر ووہان سے آنے والا کورونا وائرس ختم ہوچکا ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 اپریل 2021ء) : پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے۔ کورونا کی وجہ سے تاحال ملک بھر میں اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق سے علم ہوا کہ پاکستان میں چین کے شہر ووہان سے آنے والا کورونا وائرس ختم ہوچکا ہے اور اس کی جگہ اب وائرس کی دوسری قسم پھیل رہی ہے جو برطانیہ میں سامنے آئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق کنسلٹنٹ وائرولوجسٹ پروفیسر وحید الزمان اور ان کی ٹیم کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق کے مطابق برطانوی وائرس صوبہ پنجاب میں 97 فیصد تک پھیل چکا ہے۔ تحقیق میں کہا گیا کہ پنجاب میں جنوبی افریقہ سے آئی کروناوائرس کی قسم 2 فیصد پھیل چکی ہے۔ پروفیسر وحید الزمان نے کہا کہ پہلے ایک شخص 2 افراد میں وائرس منتقل کرتا تھا، اب ایک شخص 5 یا 10 افراد کو منتقل کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

وائرس کی قسم بچوں کو بھی شدید متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے گذشتہ ماہ 23 ہزار سیمپلز پر تحقیق کی، تحقیق سے معلوم ہوا پہلی لہر میں وائرس کی جو قسم تھی اب وہ نہیں، لاہور اور گرد و نواح میں بھی ووہان ٹائپ کا وائرس نظر نہیں آیا۔ پروفیسر وحید الزمان کے مطابق وائرس کی بھارتی قسم پر تحقیق جاری ہے، حالات بتا رہے ہیں وائرس کی بھارتی قسم تاحال پاکستان نہیں آئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی پہلی اور دوسری لہر میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا وائرس پھیلا تھا لیکن اب تیسری لہر میں ووہان چین سے آنے والا وائرس ختم ہو چکا ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 119 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 18 ہزار 429 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 41 ہزار 636 ہوگئی۔