کراچی : کلفٹن میں ڈکیتی کی بڑی واردات ، چور تقریباً 12 کلو سونا لے اُڑے

3 مئی کو افطار سے قبل دکان بند کرکے گھر چلا گیا، اگلے روز جب دکان کھولنے پہنچا تو دیکھا کہ چاروں تالے ٹوٹے ہوئے تھے، دکان میں جاکر دیکھا تو معلوم ہوا 10 سے 12 کلو کے قریب سونے کے زیورات چوری ہوچکے ہیں۔ دکان مالک کی پولیس کو دی گئی درخواست کا متن

Sajid Ali ساجد علی بدھ 5 مئی 2021 14:37

کراچی : کلفٹن میں ڈکیتی کی بڑی واردات ، چور تقریباً 12 کلو سونا لے اُڑے
کراچی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 05 مئی 2021ء ) کراچی کے علاقے کلفٹن میں ڈکیتی کی ایک بڑی واردات ہوئی جہاں چوروں نے سونار کی دکان کا صفایا کردیا۔ پولیس کے مطابق کلفٹن تھانے میں درج کیے گئے مقدمے میں دکان کے مالک محمد آصف نے بتایا کہ میں 3 مئی کو افطار سے قبل اپنی دکان بند کرکے گھر چلا گیا ، تاہم اگلے روز جب دکان کھولنے پہنچا تو دیکھا کہ چاروں تالے ٹوٹے ہوئے تھے ، جب دکان میں جاکر دیکھا تو معلوم ہوا کہ دکان میں موجود 10 سے 12 کلو کے قریب سونے کے زیورات چوری ہوچکے ہیں۔

پولیس کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اندر جانے کا ایک ہی دروازہ ہے اور اس دروازے پر تالے لگے ہوتے ہیں جب کہ 4 چوکیدار بھی موجود ہوتے ہیں ، واردات کئی گھنٹے کے بعد رپورٹ کی گئی تاہم معاملے پر ہر پہلو سے تفتیش کیا جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پرسول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے بڑی کاررروائی کرتے ہوئے 20 تولے سونا اور 10 قیمتی موبائل فونز برآمد کرلیے ، میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی سے پشاور آنیوالی پی آئی اے کی پروازپی کے 284 پہنچی تو ائیرپورٹ سروسز کا آفیسر معمول کی انسپیکشن پر تھا کہ اس دوران عملے کو ایئر پورٹ کے بیت الخلا میں موبائل فونز پڑے ہوئے ملے۔

ذرائع کے مطابق سی اے اے عملے نے موبائل فونز ڈیوٹی ٹرمینل آفیسر کے پاس جمع کرائے ، جس کے بعد ڈی ٹی ایم نے کسٹمز کو بھی طلب کرلیا ، کسٹمز کی موجودگی میں موبائل فونز کھولے گئے تو اس میں سے سونے کی ٹکیاں برآمد ہوئیں ، جن کا وزن کیا گیا تو مجموعی طور پر20 تولہ سونا برآمد ہوا ، بتایا گیا کہ پشاور کے باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر سونے اور موبائل فونز کو اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جس کو ناکام بنادیا گیا جب کہ کسٹمز حکام نے موبائل اور سونے ٹکیاں کو اپنی تحویل میں لیکر مسافر کی تلاش شروع کردی گئی۔