فیفا اور اے ایف سی کے بغیر ملک میں فٹ بال کی ترقی ناممکن ہے، رائے انتخاب علی

فیفا نے بھی وقتی طور پر پاکستان کی رکنیت معطل کر دی ہے جس سے ہمارے نوجوان فٹ بالروں کا بہت نقصان ہورہا ہے، بیان

بدھ 5 مئی 2021 15:23

فیفا اور اے ایف سی کے بغیر ملک میں فٹ بال کی ترقی ناممکن ہے، رائے انتخاب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2021ء) ماشایونائیٹڈفٹ بال ٹیم کے چیف ایگزیکٹو رائے انتخاب علی نے کہا ہے کہ پاکستان میں فیفا اور اے ایف سی کے بغیر فٹ بال کی ترقی ناممکن ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں فٹ بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اسی ٹیلنٹ نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہوا ہے تاہم بدقسمتی سے چند عناصر نے فیفا ہائوس پرقبضہ کر کے پوری دنیا میں بدنامی کا باعث بننے ہیں،انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہوناچاہئے تھا، فیفا ہائوس پر قبضہ ہونے پر فیفا نے بھی وقتی طور پر پاکستان کی رکنیت معطل کر دی ہے جس سے ہمارے نوجوان فٹ بالروں کا بہت نقصان ہورہا ہے اور پاکستان بین الاقوامی سطح پر کسی بھی مقابلوں میں حصہ نہیں لے سکتا اور نہ ہی پاکستانی کھلاڑی کسی دوسرے ملک میں جا کرکھیل سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جاری قومی خواتین فٹ بال چمپئن شپ کے دوران فیفا ہائوس پر قبضہ کیا گیا جس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہوا کہ تمام ٹیموں کی خواتین کھلاڑیوں نے چیمپئن شپ کھیلنے سے انکار کردیا اور ان کا کہنا تھا کہ ہم تو فیفا اور اے ایف سی کے قوانین کو ماتی ہیں،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ماشا یونائیٹڈ کے زیراہتمام ملک میںمختلف مقامات پر مرد اور خواتین کی فٹ بال اکیڈمیز قائم کی جائیں جس میں کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے، انہوں نے کہا کہ ماشا یونائیٹڈ کلب نے پہلی بار قومی خواتین فٹ بال چیمپئن شپ میں شرکت کی اور ہماری ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر چکی ہے لیکن سیمی فائنل فائنل کھیلنے ابھی باقی ہیں، انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ کرکٹ کی طرح فٹ بال کی بھی پاکستان سپر لیگ کروائی جائے اور اس پر ہم کام کر رہے ہیں، آخر پررائے انتخاب علی نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر فیفا ہائوس خالی کروانے میں اپنا اہم کردار ادا کرے تاکہ فیفا کی جانب سے پاکستان کی رکنیت کو بحال کروایاجا سکے ۔