عمان جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے بُری خبر آ گئی

عمانی حکومت نے پاکستان اور بھارت سمیت 14 ممالک کے مسافروں کے داخلے پر پابندی میں غیر معینہ مُدت کی توسیع کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 5 مئی 2021 15:09

عمان جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے بُری خبر آ گئی
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5مئی2021ء) عمان کی حکومت نے گزشتہ ماہ پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش کے مسافروں کے لیے فضائی سفر پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔ جس کا اطلاق 24 اپریل سے شروع ہوا تھا۔ یہ فضائی پابندی کورونا کیسز میں اضافے کے باعث عائد کی گئی تھی۔ جس کے بعد ہزاروں پاکستانی ویزہ ہولڈرز کے عمان واپس جانے میں رکاوٹ پیدا ہو گئی تھی جو شدت سے عمان واپسی کے منتظر تھے۔

تاہم اس حوالے سے اب ایک بُری خبر آ گئی ہے۔ عمان حکومت نے پاکستان اوربھارت سمیت 14 ممالک کے مسافروں کے عمانی سلطنت میں داخلے پر عائد پابندی میں مزید توسیع کر دی ہے۔ عمانی حکام کے مطابق ان ممالک سے آنے والوں کے داخلے پر پابندی میں یہ توسیع غیر معینہ مُدت کے لیے ہو گی۔ جس کی وجہ ان ممالک میں کورونا وائرس کی وبا میں تیزی آنا ہے۔

(جاری ہے)

عمان کی انسداد کورونا سے متعلق سپریم کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر سوڈان، لبنان، جنوبی افریقہ، برازیل، نائجیریا، تنزانیہ، گھانا، گنی، سرالیون، ایتھوپیا، برطانیہ، انڈیا، پاکستان اور بنگلہ دیش سے آنے والوں کے داخلے پر پابندی میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کر دی گئی ہے۔

اس سے پہلے ان ممالک سے آنے والے افراد کو ایک رعایت حاصل تھی کہ اگر وہ کسی اور ملک میں 14 روز گزار کر عمان آئیں تو ان کا داخلہ ہو سکتا تھا۔ تاہم اب نئے اعلان کے مطابق ان ممالک سے آنے والے مسافروں کے 14 روز کسی اور ملک میں گزارنے کے بعد بھی انہیں عمان آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔البتہ اس سفری پابندی کا اطلاق ان ممالک میں موجود عمانی شہریوں، سفارتی عملے، ہیلتھ ورکرز اور ان کے اہل و عیال پر نہیں ہو گا۔

یہ افراد جب چاہیں واپس آسکتے ہیں۔واضح رہے کہ عمان کی سپریم کمیٹی کے مطابق گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی عیدگاہوں اور جامع مساجد میں عید کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سپریم کمیٹی کی جانب سے ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق عید کے اجتماعات پر پابندی کا مقصد کورونا کی بڑھتی ہوئی وبا پر قابو پانا ہے۔ اس فیصلے کے تحت مملکت بھر میں کسی بھی مقام پر عید کی باجماعت نماز کی اجازت نہیں ہو گی۔

عمان میں کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے 8 تا 15مئی شام 7 سے صبح 4 بجے تک آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔8 سے 15مئی تک دن کے اوقات میں تجارتی سرگرمی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔8مئی بروز ہفتے سے اگلے ہفتے کے روز یعنی 15 مئی تک تمام کاروبار بند رہیں گے۔ البتہ کھانے پینے کا سامان فروخت کرنے والی دُکانیں، پٹرول پمپس اور میڈیکل اسٹورز کو24 گھنٹے کاروبار جاری رکھنے کی اجازت ہو گی۔ اس پابندی کے دنوں میں شام 7 بجے سے صبح 4 بجے تک کرفیو ہو گا، جس کے دوران گاڑیوں اور لوگوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہو گی۔ تاہم سرکاری ذمہ داریاں نبھانے والی اور دیگر اہم سامان مہیا کرنے والی گاڑیوں کو ان ممنوعہ اوقات میں سفر کی اجازت ہو گی۔