پنجاب آرٹس کونسل میں قدیمی قرآنی قلمی نسخوں اور معروف خطاط محمد عظیم اقبال کے عہدنبوی پر مبنی فن پاروں کی نمائش اختتام پذیر

ماہ مقدس میں قرآن مجید کے قلمی نسخوں کی نمائش روحانی کیف کا باعث ہے اور مسلمانوں کے مشترکہ اثاثہ کا مظہر ہے، زیبا ناز

بدھ 5 مئی 2021 20:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2021ء) پنجاب آرٹس کونسل اورخانہ فرہنگ ایران راولپنڈی کے اشتراک سے ماہ ِرمضان کے مقدس مہینے کے سلسلے میں منعقدہ قدیمی قرآنی قلمی نسخوں اور معروف خطاط محمد عظیم اقبال کے عہدنبوی پر مبنی فن پاروں کی نمائش اختتام پذیرہوگئی۔سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ق) زیبا نازنے ناہیدمنظوراورڈائریکٹروقاراحمدکے ہمراہ نمائش کا دورہ کیا۔

اس نمائش میں سات سو سال پرانے قرآنی نسخے رکھے گئے تھے۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ق) زیبا ناز نے کہا ہے کہ ماہ مقدس میں قرآن مجید کے قلمی نسخوں کی نمائش روحانی کیف کا باعث ہے اور مسلمانوں کے مشترکہ اثاثہ کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں میں باہمی ہم آہنگی اور رواداری کا فروغ ناگزیر ہے اور پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی نے اس حوالے سے اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

زیبا نازنے کہا کہ عظیم اقبال کی50 سے زائد فن پارے دیکھنے کے بعد عہد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی یاد بھی تازہ ہو تی ہے کیونکہ اس خطاط نے اپنے فن پاروں میں وہی رنگ بھرنے کی کا وش کی ہے کہ اس وقت کیونکہ کاغذ وغیرہ کی اتنی زیادہ سہولتیں تو میسر نہیں تھی اور جو چیز بھی ملتی تھی اس پر لکھ کر قرآن کومحفوظ کر لیا جاتا تھا۔ناہیدمنظورکا کہنا تھا کہ نمائش دیکھ کر ایمان تازہ ہوجاتا ہے۔

اتنے قدیم قرآنی نسخوں کو دیکھ کر اس بات کا باخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ اس وقت بھی فنکار اپنی صلاحیتوں کوبا خوبی عملی جامہ پہناتے تھے ۔ انھوں نے ایمان افزوں نمائش پر خانہ فرہنگ ایران کی کاوش کو سراہا۔ ڈائریکٹرآرٹس کونسل وقاراحمد نے کہا کہ اس نمائش کے انعقاد کا مقصد قرآن کریم کی تکریم اور قرآنی ثقافت اور مفاہیم کی ترویج اور توسیع ہے اور ایک روحانی فضاء قرآن مجید سے انس اور محبت کے فروغ کے لیے وجود میں لانا ہے اور اس طرح قرآنی ثقافت کے دلدادہ لوگوں کو قرآن کے نفیس قلمی نسخوں سے متعارف کروانا ہے۔

اس نمائش میں اکتالیس عدد قلمی نسخے رکھے گئے تھے اور ان قلمی نسخوں کو پہلی بار عوام کے لیے پیش کیا گیا۔تمام قرآنی نسخوں میں اکثر چار سو سال پرانے تھے اور ہاتھ سے ان کی کتابت کی گئی تھی۔ قرآن مجید کے نسخوں کی خطاطی نہایت خوبصورت اور بعض سونے کے پانی اور دیگر رنگوں سے مزین تھی اور بعض میں گل بوٹے بھی بنائے گئے تھے۔ایک ہفتہ تک جاری رہنے والی نمائش بدھ کے روزاختتام پذیرہوگئی۔