انتخابی اصلاحات کی مخالفت کر نے والے دھاندلی کے سپورٹرز بن رہے ہیں،چوہدری محمد سرور

بدھ 5 مئی 2021 22:59

انتخابی اصلاحات کی مخالفت کر نے والے دھاندلی کے سپورٹرز بن رہے ہیں،چوہدری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2021ء) گور نرپنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کی مخالفت کر نے والے دھاندلی کے سپورٹرز بن رہے ہیں۔ہم ایسے شفاف انتخابات چاہتے ہیں جن پر کوئی انگلی نہ اٹھاسکے۔اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔ای پولنگ کے ساتھ ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے حکومتی آرڈیننس تاریخی اقدام ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ہر شعبے میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔جمہوریت اور پار لیمنٹ سمیت تمام اداروں کو مضبوط بنایا جائے گا۔ وہ گور نر ہاؤس لاہور میں پاکستان تحر یک انصاف کے ایم این اے صداقت علی عباسی اور حاجی محمد رمضان سمیت دیگر کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران سیاسی اور حکومتی امور کے علاوہ کورونا کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی اور عوام سے کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس اوپیز پر عمل کر نے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اپوزیشن ہر وقت دھاندلی دھاندلی کی باتیں کرتی ہے اور آج حکومت ملک میں شفاف انتخابات کے حوالے سے انتخابی اصلاحات کیلئے تیار ہے مگر اپوزیشن اب ہٹ دھر می اور ضد سے کسی صورت پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن شفاف انتخابات چاہتی ہے تو حکومت کے ساتھ مذاکرات کی مزید پر آئے تاکہ معاملات کو آگے بڑھا یا جاسکے۔چوہدری محمدسرور نے کہاکہ شفاف انتخابات سے ہی ملک میں جمہوریت اور پار لیمنٹ مضبوط ہوگی ۔ اُنہوں نے کہا کہ ای پولنگ سے صرف چند منٹوں میں انتخابی نتائج سب کے سامنے ہوں گے۔ گورنرنے کہا کہ ہر معاملے میں ’’میں نہ مانوں‘‘کی اپوزیشن کی پالیسی جمہوریت اور عوامی امنگوں کے برعکس ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو ذاتی اور سیاسی نہیں بلکہ قومی اور ملکی مفادات کو تر جیح دینی چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کر ے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے افغانستان سے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قر بانیاں دی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اپنی جان کی قر بانی دینے والے شہداء کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ افغانستان کی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کر ے اور ایسے عناصر کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے جو امن تباہ کر رہے ہیں۔