حیدرآباد میں فوری طور پر انفیکشس ڈیزیز ہسپتال کے قیام کے لئے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کرنے کا فیصلہ

بدھ 5 مئی 2021 23:16

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2021ء) حیدرآباد میں فوری طور پر انفیکشس ڈیزیز ہسپتال کے قیام کے لئے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کراچی کی طرح حیدرآباد میں بھی اس طرح کا ہسپتال قائم ہوسکے، یہ فیصلہ سابق صوبائی وزیر اور وزیر اعلیٰ سندھ کے حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مقرر فوکل پرسن ایم پی اے شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ کیلئے شہباز ہال میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

رکن صوبائی اسمبلی شرجیل انعام میمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فوری طور پر سبزی منڈی کی دو حصوں میں منتقلی کیلئے اقدامات کئے جائیں کیونکہ سبزی منڈی میں 30 ہزار سے زائد افراد خریداری کیلئے آتے ہیں جو وائرس کے پھیلاوء کا بڑا سبب بن سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے عید کی چھٹیوں کے دوران مکمل لاک ڈائون کی سفارش کی جائے گی، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ آموں کی کٹائی کے حوالے سے بھی موثر حکمت عملی تشکیل دیں تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے، انہوں نے کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کو ہدایت کی کہ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بھی کووڈ کے حوالے سے ضلعی ہسپتالوں میں وارڈز کو فعال کریں تاکہ حیدرآباد کی سول ہسپتال سے بوجھ کو کم کیا جا سکے، انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں میں رینڈم ٹیسٹنگ کریں تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقے کون سے ہیں، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کیلئے مزید موثر اقدامات کریں اور بلاتفریق کاروائیاں کریں اور عید نماز کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے علما اکرام سے اجلاس کر کے انہیں پابند بنایا جائے۔

(جاری ہے)

کمشنر محمد عباس بلوچ نے اجلاس کو ضلع حیدرآباد میں کورونا وائرس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع انتظامیہ دن رات ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے کہا کہ مثبت کیسز کی شرح میں اضافے والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کیا گیا ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ افسران کی جانب سے کاروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، اجلاس میں وائس چانسلر لمس جامشورو ڈاکٹر بیکھارام، ایس ایس پی حیدرآباد عبدالسلام شیخ، ڈی ایچ او حیدرآباد ڈاکٹر لالا جعفر، پروفیسر اکرام اجن اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔