اشراف صحرائی کی شہادت بڑاسانحہ ہے،کشمیری قیادت کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں‘ سراج الحق

نوجوان کشمیریوں میں بھارت سے جلد آزادی حاصل کرنے کا جذبہ عروج پر پہنچ چکا ہے‘ امیر جماعت اسلامی

بدھ 5 مئی 2021 23:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2021ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کشمیری حریت لیڈرمحمد اشرف صحرائی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے اور مرحوم کی بلندی درجات کے لیے دعاکی ہے ۔ تحریک حریت کشمیر کے ممتا ز رہنما اشرف صحرائی گزشتہ روز جموں کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے، انہیں صحت کی خرابی پر جیل سے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

اشرف صحرائی لمبے عرصہ سے بھارتی جیل میں قید تھے جہاں ان کی صحت روز بہ روز خراب ہوتی جارہی تھی ۔ ہسپتال منتقل ہونے پر ان کا آکسیجن لیول بہت کم تھاتاہم ان کاکرونا ٹیسٹ منفی آیا ۔ایک بیان میں سراج الحق نے اشراف صحرائی کی شہادت کو بڑاسانحہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غم کے اس موقع پر جب لاکھوں کشمیر یوں کو دہرے لاک ڈاون کا سامنا ہے، اشرف صحرائی بھی دنیا کو خیر آباد کہہ گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اشرف صحرائی کی شہادت پر انکے خاندان اور کشمیری قیادت کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ کشمیریوں نے گزشتہ سات دہائیوں سے تحریک آزادی میں وہ قربانیاں پیش کی ہیں جس کی مثال حالیہ تاریخ میں شاید ہی کہیں ملتی ہو۔ بھارتی جارحیت کے خلاف جدوجہد کرنے والی کشمیریوں کی یہ تیسری نسل ہے۔نوجوان کشمیریوں میں بھارت سے جلد آزادی حاصل کرنے کا جذبہ عروج پر پہنچ چکا ہے اور مودی حکومت کے تمام فاشسٹ ہتھکنڈے اس چنگاری کودبانے میں ناکام ہو گئے ہیں ۔

کشمیر میں اس وقت 7 لاکھ بھارتی قابض فوج موجود ہے اور پورا علاقہ دنیا کی ایک بڑی جیل کا منظرپیش کررہا ہے۔ انٹرنیشنل میڈیا اورانسانی حقوق کی تنظیموںکے مقبوضہ وادی میں داخلے پر مکمل پابندی ہے اور دنیا کی نام نہاد بڑی جمہوریت وہاں ظلم اور استحصال کی وہ بدترین مثالیں قائم کر رہی ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ مودی حکومت کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے ایک سازشی منصوبے پر عمل پیرا ہے اور وہاں ہزاروں ہندو انتہا پسندوں کو آباد کیا جارہا ہے ۔

یہ وہی منصوبہ ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں اپنا رکھا ہے ۔ سراج الحق نے کشمیر ہونے والے مظالم پر خاموشی اختیار کرنے پر عالمی برادی اور اقوام متحدہ کوبھی کڑی تنقیدکا نشانہ بنایا ۔انہوں نے اس امر پر بھی دکھ کا اظہارکیا کہ پاکستانی حکمران بھی بھارتی سازش کوبے نقاب کرنے اور کشمیریوں کی اس نہایت دکھ کی گھڑی میں مدد کرنے میں مکمل ناکام ہوگئے ہیں ۔

گلگت بلتستان کو الگ صوبہ بنانے کا فیصلہ اور کشمیر کاز پر خاموشی سے پاکستانی عوام میں یہ تاثر مضبوط ہوتا جا رہا ہے کہ اسلام آباد اور نئی دہلی کسی خفیہ معاہدے کے تحت کشمیر کاسودا کر چکے ہیں۔ سراج الحق نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ پاکستان اور کشمیر کے غیور عوام کبھی بھی ایسی سازشوں کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور یہ خطہ ضرور ایک روز پاکستان کا حصہ بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیریوں کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کرتی ہے اور ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہے ۔ جماعت اسلامی کے قائدین امیرالعظیم ، لیاقت بلوچ ، پروفیسر ابراہیم ،فرید احمد پراچہ ،مولاناعبدالمالک ، راشدنسیم ، اسداللہ بھٹو،اظہراقبال حسن ، محمد اصغر، وقاص انجم جعفری ، قیصر شریف اور دیگر نے بھی اشرف صحرائی کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعاکی ہے۔