نمبر ون ٹی ٹونٹی باؤلر تبریز شمسی نے بھی پی ایس ایل کھیلنے کی خواہش ظاہر کر دی

سی پی ایل اور آئی پی ایل کھیلنے کے بعد قومی ٹیم کے لیے منتخب ہوا: پروٹیز چائنا مین سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 6 مئی 2021 13:53

نمبر ون ٹی ٹونٹی باؤلر تبریز شمسی نے بھی پی ایس ایل کھیلنے کی خواہش ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 مئی 2021ء ) جنوبی افریقہ کے بائیں ہاتھ کے رسٹ سپنر تبریز شمسی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ایک انٹرویو میں ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر موجود تبریز شمسی سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلنا چاہتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ ’ہاں ضرور‘۔

تبریز شمسی نے انکشاف کیا کہ کیریبین پریمیر لیگ (سی پی ایل) کھیلنے کے بعد جنوبی افریقہ میں ڈومیسٹک ٹیموں نے انہیں سنجیدگی سے لینا شروع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کیریبین پریمیر لیگ میں کھیلنے کے حوالے سے کافی خوش قسمت رہا ہوں اور میں نے سی پی ایل میں جانے کے بعد اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس کے بعد جنوبی افریقہ میں ڈومیسٹک ٹیموں نے مجھے سنجیدگی سے لینا شروع کیا اور مجھے باقاعدگی سے کھیلنے کے مواقع ملنے شروع ہوئے ، سی پی ایل اور آئی پی ایل کھیلنے کے بعد قومی ٹیم کے لیے منتخب ہوا۔

(جاری ہے)

تبریز شمسی نے یہ خیال بھی مسترد کردیا کہ کھلاڑی پیسے کے لئے فرنچائز لیگ میں کھیلنے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ سی پی ایل ، آئی پی ایل اور انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں میرے کھیل کو کافی حد تک مدد فراہم کی ہے، لوگ اسے پیسہ کمانے کے مواقع کے حوالے سے دیکھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ کھلاڑی ان ٹورنامنٹس میں لالچ میں حصہ لے رہے ہیں۔ میں ذاتی طور پرسمجھتا ہوں کہ یقینا آپ تھوڑا پیسہ کماتے ہیں لیکن سب سے اہم چیز یہ ہے کہ ان ٹورنامنٹس میں آپ لوگوں سے سیکھتے ہیں جو آپ کو نہیں آتیں۔ واضح رہے کہ تبریز شمسی نے جنوبی افریقہ کے لئے 2 ٹیسٹ ، 24 ون ڈے اور 32 ٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں، انہوں نے مجموعی طور پر 64 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں۔