علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی علاقائی دفاتر میں کمپیوٹر لیبارٹریاں قائم کر رہی ہے، وائس چانسلر

جمعرات 6 مئی 2021 14:30

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی  علاقائی دفاتر میں کمپیوٹر لیبارٹریاں قائم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 6 مئی2021ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈیجٹلائزیشن کے عمل کو مکمل طور پر کامیاب بنانے اور جن طلبہ کے پاس انٹرنیٹ اور کمپیوٹر کی سہولتیں نہیں ہیں  ان کے لیے  ملک بھر میں قائم یونیورسٹی کے تمام علاقائی دفاتر میں کمپیوٹر لیبارٹریاں قائم کر رہی ہے تاکہ طلبہ کو آن لائن سہولتوں سے استفادہ کرنے میں کوئی رکاؤٹ باقی نہ رہے۔

وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کے مطابق یونیورسٹی کے ٹیلی ویژن چینل کے قیام کے لئے بھی کوششیں تیز کردی گئیں ہیں ، چینل کے قیام کی منظوری یونیورسٹی نے پہلے سے حاصل کر رکھی ہے جو مکمل طور پر نان کمرشل اور ایجوکیشنل ٹی وی چینل ہوگا۔ٹیلی ویژن چینل کے قیام سے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ اور کمپیوٹر کی سہولتیں نہ ہونے کی صورت میں طلباء تک رسائی میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاصلاتی نظام تعلیم کو زیادہ موثر بنانے اور یونیورسٹی کی کریڈیبلٹی بڑھانے کے لئے یونیورسٹی کے آپریشنل نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت محسوس کی جارہی  تھی اس لئے انہوں نے اِسے مشن بنا کراِس پراجیکٹ پر مئی 2019ء میں کام کا آغاز کیا اور توقع ہے کہ ایڈمیشن  امتحانات ترسیل کتب اور دیگر تدریسی امور میں آٹومیشن اوراسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی کے استعمال کا کام  اسی سال جولائی تک مکمل ہو جائے گا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کے مطابق ٹی وی چینل  کے قیام سے ہم یونیورسٹی کی آواز ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک پہنچاسکیں گے جو شرح خواندگی بڑھانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔