کوئٹہ ،ایگل سکواڈ کی فائرنگ سے نوجوان میرفیضان جتک کی ہلاکت ،بھائی کو زخمی کرنے کی مذمت کرتے ہیں،کمانڈر شائستہ خان نورزئی

جمعرات 6 مئی 2021 16:13

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) تحریک جوانان کوئٹہ کے ضلعی صدر کمانڈر شائستہ خان نورزئی نے کوئٹہ میں ایگل اسکواڈ کی فائرنگ سے نوجوان میرفیضان جتک کی ہلاکت اورانکے بھائی کو زخمی کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں کو فوری طورپر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایاجائے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کمانڈرشائستہ خان نورزئی نے کہا کہ سریاب کے علاقے میں ایگل اسکواڈ کی فائرنگ سے قبائلی رہنما میر داد محمد جتک کے صاحبزادے فیضان جتک کی ہلاکت اورانکے بھائی کو ذخمی کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ پر مامور پولیس اہلکار عوام کے قاتل بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پولیس فائرنگ سے نوجوان کا قتل ایک المناک واقعہ ہے جس کی تحریک جوانان پاکستان شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیضان جتک کے قتل میں ملوث ایگل سکواڈ کے اہلکاروں کو فوری طورپرگرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور مقتول کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔ کمانڈر شائستہ خان نورزئی نے فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جواررحمت میں جگہ دے اورپسماندگان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔