اپنی ہی سونے کی دکان میں ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے والے ملزم نے پوری کہانی سنا دی

سٹے میں 40 لاکھ روپے ہار گیا تھا،80 لاکھ روپے کا قرضہ دینے کے لیے چوری کا ڈرامہ کیا،ساتھی کے بھائی نے سونے کی مقدار زیادہ بتا دی جس سے پکڑا گیا۔ملزم کا انکشاف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 6 مئی 2021 15:58

اپنی ہی سونے کی دکان میں ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے والے ملزم نے پوری کہانی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 مئی 2021ء) : شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں واقع اپنی سونے کی دکان میں ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے والے ملزم نے تفتیش کے دوران اہم انکشافات کیے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کلفٹن تین تلوار پر سنیار کی دکان میں مبینہ چوری کی واردات کے ڈراپ سین کے بعد گرفتار ملزم اور دکان کے مالک ملزم آصف نے تفتیش کے دوران اہم انکشافات کیے ہیں۔

ملزم آصف نے انکشاف کیا ہے کہ سٹے میں چا لیس لاکھ روپے ہار گیا تھا قرضہ اتارنے کے لئے ڈرامہ کیا۔80 لاکھ روپے کا قرضہ دینے کے لیے چوری کا ڈرامہ کیا ،واردات انجام دینے کے لیے پوری پلاننگ کی تھی۔ملزم نے بتایا کہ فول پروف واردات کے لیے اپنے دوست وسیم کو بھی ساتھ شامل کیا۔وسیم کو رقم میں سے دس فیصد دینے کا کہا تھا۔

(جاری ہے)

دکان پر کام کرنے والے تین ملازمین کو چھ بجے چھٹی دے دی اور خود بھی ملازمین کے سامنے دوکان بند کرکے گھر چلا گیا۔

ملزم آصف کا کہنا تھا کہ ایک گھنٹے بعد دکان پر واپس آیا اور سونا چوری کرلیا۔سی سی ٹی وی کیمروں کے تار کاٹ دیے تھے سوچا ایسا کرنے سے پکڑا نہیں جاؤں گا۔وسیم کے آفس میں سونے کو حفاظت سے رکھ دیا گیا۔واردات مکمل کرنے کے بعد پانچ ہزار کا گرینڈر لیا اور وسیم کے آفس میں ہی گرینڈر سے تالے کاٹنے شروع کیے۔اس کے بھائی ابراہیم نے پولیس کے سامنے زیادہ سونے کا ذکر کر دیا۔

یاد رہے کہ دکان کے مالک نے ڈکیتی کے بعد پولیس کو رپورٹ درج کروائی تھی جس میں دکان کے مالک محمد آصف نے بتایا کہ میں 3 مئی کو افطار سے قبل اپنی دکان بند کرکے گھر چلا گیا ، تاہم اگلے روز جب دکان کھولنے پہنچا تو دیکھا کہ چاروں تالے ٹوٹے ہوئے تھے ، جب دکان میں جاکر دیکھا تو معلوم ہوا کہ دکان میں موجود 10 سے 12 کلو کے قریب سونے کے زیورات چوری ہوچکے ہیں۔

جبکہ مارکیٹ کے صدر کے مطابق جس دکان میں نقب زنی کی واردات ہوئی وہ سامنے کی دکانوں میں سے ایک ہے، اگر کٹر یا آری سے تالے کاٹے گئے تو گارڈ کو آواز آنی چاہیے تھی، جس دکان میں واردات ہوئی اس کی اندر کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیجز رات سے بند تھیں۔ واقعہ پر پولیس کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں اندر جانے کا ایک ہی دروازہ ہے اور اس دروازے پر تالے لگے ہوتے ہیں جب کہ 4 چوکیدار بھی موجود ہوتے ہیں۔ واردات کئی گھنٹے کے بعد رپورٹ کی گئی تاہم معاملے پر ہر پہلو سے تفتیش کیا جائے گی۔

متعلقہ عنوان :