اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیرون ملک جانے کی تیاریاں

پہلے بھی بیرون ملک گیا اور واپس آ گیا، شہباز شریف نے اپنا نام بلیک لسٹ سے نکلوانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 6 مئی 2021 16:26

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیرون ملک جانے کی تیاریاں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 مئی 2021ء ) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی بیرون ملک جانے کی تیاریاں کرنے لگے۔شہباز شریف کی جانب سے علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کے لیے عدالت میں پٹیشن دائر کی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے اپنا نام بلیک لسٹ سے نکلوانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔شہبازشریف کی جانب سے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز نے لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی جس میں استدعا کی گئی کہ ان کا نام بلیک لسٹ سے نکالا جائے۔

شہباز شریف نے درخواست میں کہا کہ مجھے آشیانہ اقبال ریفرنس، رمضان شوگر ملز ریفرنس میں عدالت سے ضمانت ملی ،جس کے بعد بیرون ملک گیا اور پھر وطن واپس بھی آیا۔وفاقی حکومت کی جانب سے نام بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، نام بلیک لسٹ میں شامل کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،عدالت وفاقی حکومت کو درخواست گزار کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم جاری کرے۔

(جاری ہے)

درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا۔خیال رہے کہ چند دن قبل سابق وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو رہا کیا گیا۔۔قومی احتساب بیورو ( نیب ) لاہور نے شہباز شریف کو لاہور ہائیکورٹ سے عبوری درخواست ضمانت مسترد ہونے پر 28ستمبر 2020ء کو گرفتار کیا تھا ۔ شہباز شریف نے 26مارچ2021ء کو ضمانت کے لئے درخواست دائر کی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے شہباز شریف کو 22اپریل کو پچاس ، پچاس لاکھ روپے کے دو مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ۔شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس میں 6ماہ25روز قید میں رہے ۔گھر پہنچنے پر نائب صدر ن لیگ مریم نواز کی جانب سے شہباز شریف کا بھرپور استقبال کیا گیا۔۔اس موقع پر شہباز شریف کے ہمراہ ن لیگ کے متعدد رہنما بھی موجود تھے۔شہباز شریف نے گھر پہنچنے پر نواز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ دونوں نے ایک دوسرے کا حال احوال پوچھا۔نواز شریف نے شہباز شریف کو رہائی پر مبارکباد بھی دی جس پر اپوزیشن لیڈر کی جانب سے شکریہ ادا کیا گیا۔